فرانس میں دوبارہ لاک ڈاؤن، غیر ضروری باہر نکلنے والوں پر جرمانہ ہوگا
فرانس میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جمعے سے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لاک ڈاؤن کا نفاذ رواں سال یکم دسمبر تک ہو گا۔ جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں توسیع کی جا سکتی ہے۔
فرانس کے وزیر اعظم جین کیسٹیکس کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگ صرف ورزش کرنے کے لیے اپنے گھروں سے ایک کلو میٹر دور تک صرف ایک گھنٹے کے لیے نکل سکیں گے۔
لاک ڈاؤن کے دوران گھروں سے باہر نکلنے والے افراد کو باہر نکلنے سے متعلق دستاویزات دکھانی ہوں گی۔ بصورت دیگر انہیں 135 یوروز (157 ڈالرز) جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
دوسری طرف فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر، پہلی لہر کی نسبت زیادہ مہلک ہو سکتی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے مطابق فرانس میں اب تک 13 لاکھ سے زائد افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ 36 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں ایک ماہ کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر ملک بھر میں جمعرات سے ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
بورس جانسن کا ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ کوئی ایکشن لیا جائے کیوں کہ اس وبا پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن کے علاوہ اور کوئی متبادل راستہ نہیں ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے خورونوش کی دکانیں، اسکول اور جامعات کھلی رہیں گی جب کہ بارز اور ریستوران صرف ٹیک آوے کی سروسز فراہم کریں گے۔
برطانیہ میں اب تک اس وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایران میں بھی وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی پابندیاں
ایران کے صدر حسن روحانی نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ملک کے 31 میں سے 25 صوبوں میں 10 دنوں کے لیے نئی پابندیاں لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی صدر کا ہفتے کو ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں کہنا تھا کہ ان صوبوں میں ہونے والی شادیوں اور دیگر تقریبات میں پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
ایران کے وزیر صحت علی رضا رئیسی کا کہنا ہے کہ ان صوبوں میں اسکول، جامعات، سیلون، سنیما لائبریریاں اور مساجد بند رہیں گی۔
وزارتِ صحت کے مطابق ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی مزید 386 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایران میں اس وبا سے اب تک 6 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان میں مزید 1100 سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 12 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 1123 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک تین لاکھ 35 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے تین لاکھ 15 ہزار مریضّوں کے صحت یاب ہونے کا بتایا جاتا ہے۔
پاکستان میں تشویش ناک حالت میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کرونا کے شکار 707 مریضوں کی حالت نازک ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد 6835 ہے۔