رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:01 1.11.2020

برطانیہ میں ایک ماہ کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر ملک بھر میں جمعرات سے ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔

بورس جانسن کا ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ کوئی ایکشن لیا جائے کیوں کہ اس وبا پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن کے علاوہ اور کوئی متبادل راستہ نہیں ہے۔

لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے خورونوش کی دکانیں، اسکول اور جامعات کھلی رہیں گی جب کہ بارز اور ریستوران صرف ٹیک آوے کی سروسز فراہم کریں گے۔

برطانیہ میں اب تک اس وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

13:07 1.11.2020

ایران میں بھی وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی پابندیاں

ایران کے صدر حسن روحانی نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ملک کے 31 میں سے 25 صوبوں میں 10 دنوں کے لیے نئی پابندیاں لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی صدر کا ہفتے کو ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں کہنا تھا کہ ان صوبوں میں ہونے والی شادیوں اور دیگر تقریبات میں پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

ایران کے وزیر صحت علی رضا رئیسی کا کہنا ہے کہ ان صوبوں میں اسکول، جامعات، سیلون، سنیما لائبریریاں اور مساجد بند رہیں گی۔

وزارتِ صحت کے مطابق ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی مزید 386 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایران میں اس وبا سے اب تک 6 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

10:13 2.11.2020

پاکستان میں مزید 1100 سے زیادہ کیسز رپورٹ

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 12 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 1123 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک تین لاکھ 35 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے تین لاکھ 15 ہزار مریضّوں کے صحت یاب ہونے کا بتایا جاتا ہے۔

پاکستان میں تشویش ناک حالت میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کرونا کے شکار 707 مریضوں کی حالت نازک ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد 6835 ہے۔

10:21 2.11.2020

یورپ: پانچ ہفتوں کے دوران کیسز کی تعداد میں دو گنا اضافہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

یورپ میں گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران کرونا کیسز میں دو گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق یورپ میں تقریباً نو ماہ کے دوران پچاس لاکھ کیسز ریکارڈ کیے گئے جب کہ گزشتہ ایک ماہ میں مزید پچاس لاکھ کیسز سامنے آئے ہیں۔

'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران یورپ میں 16 لاکھ سے زیادہ کیسز اور 16 ہزار 100 سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

یورپ میں رپورٹ ہونے والے کیسز دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کا 22 فی صد بنتے ہیں۔

وبائی مرض سے دنیا بھر میں تقریباً 12 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس میں سے صرف یورپ میں اب تک دو لاکھ 69 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔

کیسز میں مسلسل اضافےکے بعد فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ملک بھر میں ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے جب کہ پرتگال نے جزوی لاک ڈاؤن اور اسپین اور اٹلی نے پابندیوں میں مزید سختی کی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG