برطانیہ: لاک ڈاؤن سے پہلے ریستورانوں اور بارز میں رش
برطانیہ میں جمعرات سے کرونا وائرس کے سبب دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے پہلے بدھ کی شب لندن میں شہریوں نے بڑی تعداد میں ریستورانوں اور بارز کا رُخ کیا۔
ریستورانوں میں بکنگ سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق ریستورانوں میں آنے والے لوگوں میں اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔
برطانوی حکومت نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جمعرات سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ لاک ڈاؤن ایک ماہ تک برقرار رہے گا۔
خیال رہے کہ یورپ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں برطانیہ سے رپورٹ کی گئی ہیں۔ جب کہ برطانیہ میں یومیہ 20 ہزار سے زائد کرونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو کرونا وائرس سے اموات 80 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے مطابق برطانیہ میں وبا سے 11 لاکھ سے زائد افراد متاثر جب کہ 47 ہزار 832 اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان میں تین ماہ بعد سب سے زیادہ یومیہ 26 ہلاکتیں
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ جو کہ پچھلے تین ماہ میں ایک دن میں رپورٹ کی جانے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
اس سے قبل کرونا وائرس کے سبب 31 جولائی کو 27 اموات رپورٹ کی گئیں تھیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید ایک ہزار 302 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔جب کہ اب تک 6 ہزار 893 اموات ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ وبا سے متاثر تین لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں 24 گھنٹوں میں ریکارڈ اموات اور کیسز رپورٹ
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 4 کروڑ 81 لاکھ 36 ہزار ہو گئی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 12 لاکھ 26 ہزار اموات ہوئی ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں ریکارڈ 6 لاکھ 85 ہزار 295 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں ریکارڈ 11 ہزار 467 اموات ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 3 کروڑ 19 لاکھ 19 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں اضافہ
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں دو ہفتے قبل تک کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2 فی صد کے قریب تھی لیکن اب یہ شرح 4.38 تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 45 لاکھ 73 ہزار سے زائد ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 32 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔