بھارت میں یومیہ کیسز کی تعداد ایک بار پھر 50 ہزار سے متجاوز
امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 50 ہزار 210 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق رواں سال 25 اکتوبر کے بعد جمعرات کو ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں وبا کے باعث مزید 704 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 24 ہزار 315 افراد وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 83 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
امریکہ: انتخابات کے اگلے روز ریکارڈ کیسز رپورٹ
امریکہ میں منگل کو ہونے والے انتخابات کے اگلے روز بدھ کو کرونا وائرس کے ریکارڈ ایک لاکھ 2 ہزار 831 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس سے قبل امریکہ میں 30 اکتوبر کو 99 ہزار 321 ریکارڈ یومیہ کیس سامنے آئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ کی متعدد ریاستوں میں اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
امریکہ کی نو ریاستوں کولوراڈو، آئیڈاہو، انڈیانا، مین، مشی گن، منی سوٹا، رہوڈ آئی لینڈ، واشنگٹن اور وسکونسن میں یومیہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق ریاست نارتھ ڈکوٹا میں انتہائی نگہداشت وارڈز میں صرف 6 بیڈز خالی رہ گئے ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے مطابق 94 لاکھ سے زائد افراد امریکہ میں اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس سے اب تک امریکہ میں 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
امریکہ: ریاست کولوراڈو کے اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی
امریکہ کی ریاست کولوراڈو کے گورنر نے جمعرات کو شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی وجہ سے اسپتالوں میں گنجائش بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔ لہذا لوگ فیس ماسک پہنیں اور سماجی رابطوں سے پرہیز کریں۔
گورنر کیرڈ پولس کا ورچوئل نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ لوگ اپنے اگلے چند ہفتوں کے پروگرام ملتوی کر دیں اور باہمی میل جول سے اجتناب کریں۔
کیرڈ پولس کے بقول اس وقت اسپتالوں میں 894 مریض داخل ہیں۔ جبکہ رواں سال اپریل میں جب کرونا وائرس عروج پر تھا تو اس وقت استپتالوں میں 888 مریض داخل ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ کولوراڈو میں کرونا وائرس کے ایک لاکھ 21 ہزار کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ جبکہ بدھ کو یومیہ 3 ہزار 369 ریکارڈ کیس رپورٹ کیے گئے تھے۔
کولوراڈو میں اس وبا سے اب تک 2 ہزار 158 اموات ہو چکی ہیں۔
برطانیہ: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر لندن کے 104 شہری گرفتار
برطانیہ کے شہر لندن میں پولیس نے کرونا وائرس کے باعث نافذ کردہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر چار شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق جمعرات کو پابندیوں کے باوجود وسطی لندن میں لوگوں کا ایک گروہ اکٹھا ہوا۔ جنھیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرنے کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے جمعرات سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں 11 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 48 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔