فرانس میں اموات 40 ہزار سے متجاوز
فرانس میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزتہ 24 گھنٹوں میں مزید 304 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں 60 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 304 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 40 ہزار 220 ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 5 کروڑ سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے آغاز سے اب تک اس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 5 کروڑ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق وبائی مرض سے دنیا بھر میں اب تک 12 لاکھ 56 ہزار 254 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں وبائی مرض کے آغاز سے اب تک 99 لاکھ 71 ہزار 650 سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ دو لاکھ 37 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
امریکہ کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے پہلے جب کہ بھارت کا نمبر دوسرا ہے جہاں اب تک 85 لاکھ 53 سے زائد مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
برازیل کرونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 56 لاکھ 64 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کے لحاظ سے برازیل امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 62 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
اسی طرح فرانس میں اب تک 18 لاکھ 35 ہزار، روس میں 17 لاکھ 60 ہزار اور اسپین میں 13 لاکھ 28 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ان ملکوں میں کرونا وبا سے اموات کی تعداد بالترتیب 40، 30 اور 38 ہزار ہے۔
پاکستان میں مزید 1600 سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1650 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح پاکستان میں کرونا کیسز کی کل تعداد تین لاکھ 44 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے شکار مزید نو مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 6 ہزار 977 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں تین لاکھ 18 ہزار 881 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ اب تک 47 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
امریکی کمپنی فائزر کا 90 فی صد مؤثر کرونا ویکسین بنانے کا دعویٰ
امریکی دوا ساز کمپنی 'فائزر' نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بنائی گئی کرونا وائرس کی تجرباتی ویکسین 90 فی صد سے زائد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ کمپنی اسے کرونا وبا کے خلاف بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے جس کے باعث اب تک پوری دنیا میں 12 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پیر کو فائزر اور اس کی معاون جرمن کمپنی 'بائیو این ٹیک' یہ دعویٰ کرنے والی دنیا کی پہلی دوا ساز کمپنیاں بن گئی ہیں جنہوں نے بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائل کے بعد اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرائل میں ثابت ہوا کہ ویکسین کے استعمال سے کوئی منفی ردعمل نہیں ہوا جس کے بعد رواں ماہ امریکی حکومت کی منظوری کے بعد اس کی ہنگامی ترسیل شروع کی جا سکتی ہے۔
لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ مذکورہ ویکسین کتنے عرصے تک انسان کو وائرس سے محفوظ رکھے گی جب کہ فوری طور پر اس کی محدود خوارکیں دستیاب ہوں گی۔
ماہرین کے بقول اس خبر سے یہ اُمید بڑھ گئی ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے تیار کی جانے والی دیگر ویکسینز کے بھی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
پیر کو ایک بیان میں 'فائزر' کے چیئرمین البرٹ بورلا نے کہا کہ یہ سائنس اور انسانیت کے لیے عظیم دن ہے۔