ترکی: وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے سگریٹ نوشی پر پابندی
ترکی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں حالیہ اضافے کے بعد اور وبائی مرض پر قابو پانے کی غرض سے تمام عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
عوامی مقامات میں تمام چھوٹی بڑی گلیاں اور وہ مقامات شامل ہیں جہاں لوگ ہجوم کی شکل میں جمع ہوسکتے ہیں۔
ترکی کے وزیر داخلہ نے بدھ کو ایک بیان میں عوام کو تنبیہ کی ہے کہ وہ تمام حفاظتی اقدامات کی مکمل پیروی کریں۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں جاری ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سگریٹ یا تمباکو نوشی پر پابندی کا مقصد شہریوں کو عوامی مقامات پر حفاظتی ماسک کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
عوامی مقامات پر تمباکو نوشی پر پابندی کا اطلاق جمعرات سے ہو رہا ہے۔ ترکی میں بدھ کو دو ہزار 693 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
رواں ہفتے کے شروع میں دارالحکومت انقرہ اور سب سے بڑے شہر استنبول سمیت کئی شہروں میں جزوی طور پر لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا تھا۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ترکی میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جب کہ 11 ہزار 145 افراد عالمی وبا کی وجہ سے انتقال کر چکے ہیں۔
اٹلی میں کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز، 10 متاثرہ ترین ممالک میں شامل
کرونا وائرس سے بری طرح متاثرہ یورپی ملک اٹلی میں کرونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
اطالوی وزارتِ صحت کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 961 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
اٹلی میں فروری سے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 10 لاکھ 28 ہزار ہو گئی ہے جس کے بعد اٹلی کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں ابتدائی 10 نمبروں میں شامل ہو گیا ہے۔
بدترین متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ پہلے، بھارت دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے جب کہ باقی ممالک میں روس، فرانس، اسپین، برطانیہ اور دیگر شامل ہیں۔
اٹلی میں کرونا وائرس سے اب تک 42 ہزار 953 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ یہ تعداد یورپ میں برطانیہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
ایران کے سب سے بڑے قبرستان 'بہشت زہرہ' پر شدید دباؤ
ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک بہت بڑا قبرستان موجود ہے جسے ملک بھر میں قومی حیثیت حاصل ہے۔ اس قبرستان میں جنگوں میں اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجی، ملک کی اہم شخصیات، فن کاروں، دانش ور اور کئی قومی رہنما آسودۂ خاک ہیں۔ اور اب کرونا وائرس کے پھیلاؤ نے اس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
اس قبرستان کو گزشتہ 50 سال سے زیادہ عرصے کے دوران زیادہ اہمیت حاصل ہوئی ہے جب ملک کو جنگوں، شورشوں اور بدامنی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور یہ قبرستان اس دوران ہلاک ہونے والوں کی آخری آرام گاہ بنا۔
تاہم کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی وجہ سے اس قبرستان پر اتنا دباؤ اور بوجھ کبھی نہیں پڑا جس کا اسے ان دنوں سامنا ہے۔
امریکہ میں ریکارڈ ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
امریکہ میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مریضوں کے نئے اضافے کے بعد امریکہ میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ چار لاکھ سے زائد ہو گئی جب کہ اب تک دو لاکھ 41 ہزار 809 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
علاج معالجے کی غرض سے اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بدھ کو کم از کم 64 ہزار 939 افراد مختلف اسپتالوں میں داخل ہوئے جو وبائی مرض کے دوران اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں کرونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں نہ صرف اموات بلکہ کیسز کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔