پاکستان میں رواں ہفتے کرونا وائرس سے 132 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے رواں ہفتے 132 اموات ہو چکی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا سے مزید 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد کرونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 7109 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 2 ہفتوں میں وبا سے ہلاکتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔
حکومت بھی عوام پر احتیاطی تدابیر اور پابندیوں پر عمل کرنے پر زور دے رہی ہے۔
وبا کے باث ملتوی ہونے والے پی ایس ایل کے آخری مرحلے کی تیاریاں مکمل
کرونا کی وبا کے باعث ملتوی ہونے والا پاکستان سپر لیگ فائیو کا آخری مرحلہ ہفتے سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔ پلے آف مرحلے میں تین میچز کھیلے جائیں گے جب کہ فائنل بھی 17 نومبر کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔ ان میچز کے بارے میں مزید جانتے ہیں نوید نسیم کی اس ڈیجیٹل رپورٹ میں
بھارت میں مزید 520 افراد ہلاک، نئی دہلی کے اسپتالوں میں بستروں کی کمی
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 44 ہزار 684 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جب کہ مزید 520 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق ہفتے کو رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے سات ہزار 802 کیسز دارالحکومت نئی دہلی سے رپورٹ ہوئے۔ جہاں عالمی وبا کے سبب مزید 91 اموات بھی ہوئی ہیں۔
نئی دہلی میں حالیہ ہفتوں کے دوران بھارت کے دوسرے علاقوں کی نسبت کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے اسپتالوں میں گنجائش لگ بھگ ختم ہو چکی ہے اور اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں وینٹی لیٹرز کی سہولت والے بستروں کی تعداد کم ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔
دہلی کی مقامی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ نومبر کے آخر تک یومیہ کیسز کی تعداد 12 ہزار تک جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 87 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ جب کہ ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اٹلی میں یومیہ کیسز میں اضافے کے باعث پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ
یورپ کے ملک اٹلی میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد علاقوں میں پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔ جب کہ دو شہروں ٹسکنی اور کمپینیا کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 40 ہزار 902 افراد کرونا سے متاثر ہوئے۔ جس کے بعد اٹلی میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے مطابق اٹلی میں اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 44 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔