بھارت میں کیسز کی تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت کرونا وائرس سے دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں جمعے کو کرونا کیسز کی کل تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میں اب تک ایک لاکھ 32 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جب کہ دارالحکومت نئی دہلی میں اسپتال کرونا مریضوں سے بھر چکے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ چند روز کے دوران کیسز میں کمی آئی ہے تاہم اب بھی اوسطاً یومیہ 45 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
نئی دہلی کی حکومت نے کرونا وبا کی روک تھام کے لیے ماسک پہننے کو لازم قرار دیا ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
افغانستان میں ایک بار پھر تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ
افغانستان کی حکومت نے سردی میں اضافے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث آئندہ 15 دن میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وائس آف امریکہ کی افغان سروس کے مطابق ترجمان وزارتِ تعلیم کا کہنا ہے کہ جماعت اول سے ششم تک کے تعلیمی ادارے ہفتے سے بند کر دیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت ہفتم سے 12ویں جماعت تک کا تدریسی عمل پانچ دسمبر سے معطل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں وبا کے پھیلاؤ کے باعث اگست کے وسط میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔
دوسری جانب حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث شادی ہالوں کو بھی ایک ماہ کے لیے بند کر دیا جائے۔
وزارتِ صحت کی رپورٹ کے مطابق کابل اور ہرات میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 40 فی صد افراد نے شادی کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں کرونا وائرس سے 44 ہزار 315 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 1653 اموات ہوئی ہیں۔ جب کہ 35 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس: امریکہ میں ایک دن میں ریکارڈ ایک لاکھ 87 ہزار کیسز رپورٹ
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں ایک لاکھ 87 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جو کہ ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی ریکارڈ تعداد ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز گزشتہ جمعے کو سامنے آئے تھے جن کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں ایک لاکھ 87 ہزار 833 کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ 19 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
متاثرہ افراد میں سے 44 لاکھ 11 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دہلی: ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ 500 سے بڑھا کر 2000 روپے کر دیا گیا
بھارت میں نئی دہلی کی حکومت نے فیس ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانے کی شرح میں تین گنا اضافہ کر دیا ہے۔
دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال کا کہنا ہے کہ فیس ماسک نہ پہننے والوں پر اب 500 کی بجائے 2000 روپے جرمانہ عائد ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کیسز میں اضافے کے باعث تمام غیر سرکاری اسپتالوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں 80 فی صد بستر، جب کہ عمومی وارڈز میں 60 فی صد بستر کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے مختص کریں گے۔
علاوہ ازیں احمد آباد میں کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث 2 دن کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
احمد آباد میں کرفیو کا دورانیہ جمعے کی شب 9 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک ہو گا۔