نئی دہلی کے اسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگی
عالمی وبا سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق دہلی میں حالیہ ہفتوں کے دوران اوسطاََ چھ ہزار 700 یومیہ کیسز رپورٹ کیے جا رہے ہیں۔ جب کہ اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے وارڈز اور شمشان گھاٹوں میں جگہ کم پڑنے لگی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دہلی میں دیوالی کے بعد آئندہ دو ہفتے اہم ہیں۔
بھارت میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 46 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔
وائرس کے سبب ہفتے کو مزید 564 افراد کی ہلاکت رپورٹ کی گئی۔ جس کے بعد اس وبا کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
بھارت کی دو ریاستوں مدھیہ پردیش اور گجرات کے آٹھ شہروں میں ہفتے سے رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چین میں 30 لاکھ افراد کے کرونا ٹیسٹ شروع
چین کے شمالی شہر تیانجن میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد 30 لاکھ افراد کے کرونا ٹیسٹ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ہفتے کو کرونا وائرس کے مقامی طور پر منتقلی کے سات کیسز سامنے آئے۔ جن میں پانچ کیسز تیانجن میں جب کہ دو کیسز شنگھائی سے رپورٹ ہوئے۔
تیانجن میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد حکام نے اس رہائشی علاقے کو سیل کر دیا ہے۔ جہاں کرونا کا شکار ہونے والے افراد رہائش پذیر تھے۔
تیانجن کی مقامی حکومت کے مطابق ہفتے سے بن ہائی ڈسٹرکٹ میں تمام شہریوں کے کرونا ٹیسٹ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں شنگھائی میں حکام نے ایک جوڑے کے اسپتال کے دورے کے بعد ان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہونے پر اس اسپتال کو سیل کر دیا ہے۔
چین میں اب تک 86 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا چین کے صوبے ہوبی کے شہر ووہان سے پھوٹی تھی۔ جس نے اب ساری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
امریکہ میں مسلسل دوسرے روز ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ جو کہ ایک دن میں سامنے آنے والے ریکارڈ کیسز ہیں۔ امریکہ میں گزشتہ روز بھی ریکارد کیسز سامنے آئے تھے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اس وبا کے سبب مزید 1878 اموات ہوئی ہیں۔
امریکہ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ جب کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 44 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں مہلک وبا کے باعث اب تک دو لاکھ 54 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے ایک ہی دن میں 59 ہلاکتیں، مزید 2665 کیس
پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے اور چار ماہ بعد ملک میں ایک ہی روز میں ہلاکتوں کی تعداد 50 سے بڑھ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے اتوار کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد تین لاکھ 74 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 7662 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 38 ہزار 963 ٹیسٹس کیے گئے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد میں 200 فی صد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں اُن کا کہنا تھا کہ پشاور اور ملتان میں 200 فی صد، کراچی میں 148 فی صد، لاہور میں 114 فی صد، اسلام آباد میں 65 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملتان اور اسلام آباد میں 70 فی صد وینٹی لیٹر اس وقت زیرِ استعمال ہیں۔