رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:31 22.11.2020

امریکہ میں کرونا کیسز ایک کروڑ 20 لاکھ سے بڑھ گئے

امریکہ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

کرونا کے باعث امریکہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 54 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ میں 'تھینکس گیونگ' تہوار کی چھٹی کے موقع پر لاکھوں امریکی شہری اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں سے ملنے جاتے ہیں جس کے باعث وائرس کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں حالیہ چند روز کے دوران وائرس کے پھیلاؤ میں مزید تیزی آ رہی ہے اور محض چھ روز کے دوران 10 لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکہ کی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق جمعے کو امریکی ہوائی اڈوں سے لگ بھگ 10 لاکھ افراد نے اندرون ملک سفر کیا جس سے وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

حکام کے بقول وبا کے آغاز کے بعد دوسری بار اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے اندرون ملک سفر کیا ہے۔ حالاں کہ حکام لوگوں کو خبردار کر رہے ہیں کہ وہ 'تھینکس گیونگ' تہوار کے موقع پر گھروں میں رہیں۔

16:02 22.11.2020

برطانیہ: ملک گیر لاک ڈاؤن دو دسمبر کو ختم کرنے کا اعلان


برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نافذ کردہ لاک ڈاؤن دو دسمبر کو ختم کر دیا جائے گا۔ تاہم مقامی طور پر زیادہ کیسز والے علاقوں میں پابندیاں سخت کی جائے گی۔

وزیراعظم بورس جانسن نے رواں ماہ کے اوائل میں وبا کی بگڑتی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کیا تھا۔ جس کی وجہ سے ان کی اپنی جماعت کے چند رہنما اور کاروباری شخصیات ناراض ہوئی تھیں۔

وزیراعظم کی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے مشیران واضح طور پر جانتے ہیں کہ وائرس ابھی بھی موجود ہے اور مقامی پابندیوں کے اطلاق کے بغیر وائرس ایک بار پھر قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پیر کو سردیوں کے لیے نئے پلان کا اعلان کریں گے۔

10:06 23.11.2020

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 34 اموات

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 34 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 2700 سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

پاکستان میں کرونا کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق ایک روز کے دوران 2756 افراد کرونا کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں کیسز کی کل تعداد تین لاکھ 76 ہزار 929 ہو گئی ہے۔

عالمی وبا سے پاکستان میں اب تک سات ہزار 696 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اب بھی ایک ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

11:20 23.11.2020

پاکستان: تعلیمی ادارے بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ آج ہوگا

پاکستان کے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہو گا جس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں قائم کردہ کمیٹی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) بھی ملک میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کی صورتِ حال پر غور کرے گی۔

پاکستان میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران کیسز اور اموات کی شرح میں اضافے کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کا امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید 34 اموات اور 2700 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG