اسلام آباد ہائی کورٹ: سیاسی و مذہبی اجتماعات پر پابندی کی درخواست مسترد
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں سیاسی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی لگانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جمعرات کو درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پارلیمان اور انتظامی ادارے کرونا وائرس کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ درخواست گزار پارلیمان اور انتظامی اداروں پر اعتماد کرے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر شہری، سیاسی قیادت اور اداروں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ موجودہ بحران میں عوام کی رہنمائی میں پارلیمان کا کردار سب سے اہم ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق کرونا وائس کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ کو فعال بنانا منتخب حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام کی جانیں بچانے کے لیے فیصلوں پر عمل درآمد کرانا حکومت کا فرض ہے۔ جب حکومت فیصلوں پر عمل درآمد کی صلاحیت سے خالی ہو تو عدالتی فیصلے بے معنی ہو جاتے ہیں۔
بھارت میں یومیہ کیسز کم کیوں ہو رہے ہیں؟
دنیا کے متعدد ملکوں کو کرونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے لیکن بھارت میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔
نئی دہلی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں کرونا کیسز میں 32 فی صد تک کمی آئی۔
بھارت میں جہاں اکتوبر میں یومیہ کیسز تقریباً ایک لاکھ تک پہنچ گئے تھے۔ وہیں اب گزشتہ تین ہفتوں سے یومیہ پچاس ہزار سے بھی کم کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 35 ہزار 551 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ اس وبا کے شکار 526 افراد ہلاک ہوئے۔
اس طرح بھارت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 95 لاکھ سے تجاوز کر گئی اور ہلاک شدگان کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 648 تک پہنچ گئی۔
سکریٹری صحت راجیش بھوشن کے مطابق بھارت میں کرونا کی وبا ماہِ ستمبر میں اپنے عروج پر تھی اور اس وقت یومیہ تقریباً ایک لاکھ کیسز رپورٹ ہو رہے تھے لیکن اب وہ دور ختم ہو چکا ہے۔
کرونا کے باعث تعلیمی سلسلہ متاثر: بچے وقت کیسے گزار رہے ہیں؟
کرونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ متاثر ہونے سے بچوں کی زندگی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ایسے میں امریکہ کی ریاست ورجینیا کے شہر 'نورفوک' میں بچوں کے وقت گزارنے کے لیے پریوں کی دنیا بسا دی گئی ہے۔ وہاں کیا کچھ ہوتا ہے؟ دیکھیے اس ویڈیو میں۔
دنیا بھر میں اموات کی کل تعداد 15 لاکھ سے متجاوز
عالمی وبا سے دنیا بھر میں اموات کی کل تعداد 15 لاکھ پانچ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں اب تک دو لاکھ 76 ہزار سے زیادہ افراد اس وائرس کا شکار ہو کر چل بسے ہیں۔
عالمی وبا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح بھارت اور میکسیکو میں بھی ایک ایک لاکھ سے زیادہ مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ، اٹلی اور فرانس ایسے ملک ہیں جہاں اموات کی کل تعداد 50، 50 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ ایران میں 49 ہزار، اسپین میں 46 اور روس میں 41 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
چین وہ ملک ہے جہاں سے کرونا وائرس نے جنم لیا لیکن وہاں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 4745 ہے۔