فرانسیسی صدر سے رابطے میں رہنے والے یورپی رہنما قرنطینہ میں چلے گئے
فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد حالیہ چند روز کے دوران ان سے ملنے والے یورپی رہنماؤں نے بھی سماجی دُوری اختیار کر لی ہے۔
ان رہنماؤں میں اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سینچز، پرتگال کے وزیر اعظم انتونیا کوستا اور یورپین کونسل کے سربراہ بھی شامل ہیں۔
فرانسیسی صدر نے گزشتہ ہفتے برسلز میں ایک سمٹ جب کہ پیر کو پیرس میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کی تھی جس میں کئی یورپی رہنما شریک تھے۔
جرمن حکام کا کہنا ہے کہ چانسلر آنگیلا مرخیل نے برسلز میں ہونے والی کانفرنس کے بعد کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جو منفی آیا تھا۔
علاوہ ازیں فرانس کے وزیر اعظم جنہوں نے صدر سے ملاقات کی تھی وہ بھی آئسولیٹ ہو گئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 83 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 83 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد وائرس کے مجموعی کیسز چار لاکھ 51 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
پاکستان میں وائرس سے مجموعی اموات نو ہزار 164 ہو گئی ہیں جب کہ چار لاکھ کے لگ بھگ مریض صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 39 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جب کہ اب تک مجموعی طور پر 62 لاکھ سے زائد ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں۔
کرونا بحران: امریکی تعلیمی ادارے اور طلبہ مشکل میں
امریکہ میں کرونا وائرس کی ویکسین کی آمد سے حالات بہتر ہونے کا انتظار صرف امریکیوں کو ہی نہیں ہے یہاں دنیا بھر سے تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے طلبا کو بھی ہے جن کی امیدوں پر کرونا کی عالمی وبا نے پانی پھیر دیا ہے۔ اس مشکل وقت میں نظام تعلیم میں کیا مسائل سامنے آئے؟ بتا رہے ہیں عمران جدون
اسد عمر بھی کرونا وائرس کا شکار
پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
کرونا کی تشخیص کے بعد اسد عمر نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
اسد عمر نے جمعے کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، خسرو بختیار سمیت دیگر حکام شریک تھے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 87 افراد جان کی بازی ہا گئے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات نو ہزار 250 ہو گئی ہیںَ
ملک بھر میں اب تک کرونا کے چار لاکھ 54 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔