بھارت میں کرونا کیس ایک کروڑ سے متجاوز
امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اس مہلک وائرس کے باعث ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کے بعد بھارت دوسرا ملک ہے جہاں کرونا کیسز ایک کروڑ سے بڑھ گئے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کرونا کیسز میں بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے 25 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں رواں ہفتے 499 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوران کرونا وائرس کے باعث یومیہ 83 افراد کی موت ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں رواں ہفتے وبا سے 499 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یوں گزشتہ چھ دنوں میں اوسطاََ روزانہ 80 سے زائد افراد کی موت ہوئی۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں وبا سے مزید 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 9330 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں وبا کی پہلی لہر میں ایک دن میں سب سے زیادہ 20 جون کو 153 اموات ہوئی تھیں۔ جب کہ حالیہ لہر میں سب سے زیادہ یومیہ اموات رواں ہفتے 15 دسمبر کو 105 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
'آئندہ تین ماہ میں پاکستان میں ویکسین دستیاب ہو گی'
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جنوری سے مارچ تک ویکسین کی پہلی کھیپ دستیاب ہو گی جب کہ آبادی کے بڑے حصے کے لیے ویکسین 2021 کی دوسری سہ ماہی میں آ جائے گی۔ تاہم اُن کا کہنا ہے کہ کئی ویکسیز کی طرح اس سے متعلق بھی منفی پروپیگنڈے کا خدشہ ہے۔
'کرونا کی دوسری لہر کے باوجود پاکستان کی معاشی صورتِ حال مثبت رہی'
پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ساڑھے چار ارب ڈالر کے بیرونی قرض حاصل کیے ہیں۔ اس عرصے کے دوران حاصل کردہ زیادہ تر قرض چین سے موصول ہوئے جو کہ تجارتی بنیادوں پر لیے گئے ہیں۔
پاکستان نے حاصل کردہ ان نئے قرضوں کو پرانے قرض کی ادائیگی اور زرِمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے کے لیے استعمال کیا۔
وزارت اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق ملکی بیرونی آمدنی کی مد میں 4.5 ارب ڈالرز موصول ہوئے۔ جس میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 45 فی صد اضافہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر کے باوجود ملک کی معاشی صورتِ حال مثبت رہی اور ملک کے زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزارتِ اقتصادی امور کے ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ پانچ ماہ میں لیے گئے قرضوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت (اگست 2018 سے) مجموعی طور پر 23 ارب 60 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کر چکی ہے۔