پاکستان میں وبا سے 10 ہزار 511 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار 511 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں وبا کی پہلی لہر کے بعد ہلاکتوں میں کمی آئی تھی۔ البتہ نومبر کے آغاز سے اموات کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔
وبا کی دوسری لہر میں سب سے زیادہ 111 اموات 23 دسمبر کو ہوئی تھیں۔
کیسز میں اضافے کے باعث ٹوکیو میں ایمرجنسی نافذ
جاپان کے حکام نے دارالحکومت ٹوکیو اور اس کے تین مضافاتی علاقوں میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے لیے لگائی گئی ایمرجنسی کی میعاد سات فروری کو ختم ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارز اور ریستوران وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ باعث بنتے ہیں۔ لہذٰا ایمرجنسی کے دوران بارز اور ریستوران پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
گزشتہ سال اپریل میں وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر لگائی گئی پابندیوں کے دوران ریستوران، بارز، اسکولز اور غیر ضروری اشیا کی دکانیں بھی بند رکھی گئی تھیں۔ تاہم ٹوکیو اور اس کے نواح میں لگائی گئی نئی پابندیوں کے دوران اسکولز کھلے رہیں گے۔
مجموعی طور پر جاپان میں کرونا وبا کی صورتِ حال دیگر ممالک کے مقابلے میں کنٹرول میں رہی ہے۔ تاہم جمعرات کو ملک بھر میں سات ہزار کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پابندیاں سخت کی گئی ہیں۔ صرف ٹوکیو میں جمعرات کو 2447 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جاپان میں اب تک دو لاکھ 67 ہزار سے زائد کیسز جب کہ وائرس سے اب تک تین ہزار اموات ہو چکی ہیں۔
جاپان میں جنوری کے اختتام پر ویکسی نیشن مہم شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موڈرنا کی ویکسین دو سال سے زائد عرصے تک وائرس سے تحفظ دے گی: کمپنی کا دعویٰ
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین تیار کرنے والی امریکی کمپنی 'موڈرنا' نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ویکسین دو سال سے زائد عرصے تک وائرس سے محفوظ رکھے گی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیفان بانسال نے کہا کہ یہ قیاس آرائیاں درست نہیں کہ ویکسین محض چند ہفتوں کے لیے تحفظ دے گی۔ اُن کے بقول انسانوں میں اینٹی باڈیز بہت آہستہ آہستہ ختم ہوتی ہیں۔ لہذٰا یہ ویکسین طویل عرصے تک وائرس سے بچانے میں مددگار ہو گی۔
اُن کا کہنا تھا کمپنی بہت جلد یہ بھی ثابت کرے گی کہ موڈرنا ویکسین برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم کے خلاف بھی موثر ہے۔
امریکہ میں مسلسل تیسرے روز ریکارڈ یومیہ ہلاکتیں
امریکہ میں گزشتہ تین روز سے کرونا وائرس سے ریکارڈ اموات رپورٹ ہو رہی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں عالمی وبا سے مزید چار ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔
جمعرات کو امریکہ میں 4085 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے جو ملک میں وبا کے آغاز سے اب تک ایک دن میں ہونے والی اموات کا نیا ریکارڈ ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اس سے قبل منگل اور بدھ کو بھی ریکارڈ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔ منگل کو 3700 سے زائد افراد اور بدھ کو 3854 افراد کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے تھے۔
امریکہ کرونا وائرس کے کیسز اور اموات کے لحاظ سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک دو کروڑ 15 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور تین لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔