پاکستان میں مزید 47 افراد ہلاک، 2400 سے زائد نئے کیسز
برازیل میں 87 ہزار سے زائد ریکارڈ نئے کیسز، ہلاکتیں دو لاکھ سے متجاوز
برازیل میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد جمعرات کو دو لاکھ کا ہندسہ عبور کر گئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق برازیل میں جمعرات کو 87 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 1524 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔ اس اضافے سے ملک میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد دو لاکھ 498 تک پہنچ گئی ہے۔
برازیل کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں کیسز کے لحاظ سے امریکہ اور بھارت کے بعد تیسرے نمبر پر ہے جب کہ اموات کے اعتبار سے دیکھیں تو برازیل صرف امریکہ سے پیچھے ہے۔
برازیل میں عالمی وبا کے آغاز سے اب تک 79 لاکھ 61 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
برطانیہ میں یومیہ ریکارڈ ہلاکتیں، لندن کے اسپتالوں میں جگہ کی قلت
برطانیہ میں کرونا وائرس سے جمعے کو ریکارڈ یومیہ اموات ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا کے سبب ایک ہزار 325 افراد ہلاک ہوئے۔ جو کہ گزشتہ برس اپریل میں رپورٹ کی جانے والی ریکارڈ یومیہ اموات سے بھی زیادہ ہیں۔
دوسری طرف وزیرِ اعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ وبا پھوٹنے کے بعد برطانیہ کے اسپتالوں پر اس وقت سب سے زیادہ دباؤ ہے۔ وبا میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
برطانیہ میں وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد وزیرِ اعظم بورس جانسن نے معاشی سرگرمیاں بند کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ وہ ان کوششوں میں ہیں کہ وبا پر قابو پانے کے لیے زیادہ تیزی سے ویکسین شہریوں کو لگائی جائے۔
دارالحکومت لندن کے میئر صادق خان نے بھی خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر آئندہ چند ہفتوں کے دوران اسپتالوں میں بستر کم پڑ سکتے ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے مطابق برطانیہ میں اب تک 29 لاکھ سے زائد افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ 79 ہزار سے زائد اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔
آسٹریلیا سے بھی وائرس کی نئی قسم کے دو کیس رپورٹ
آسٹریلیا میں وزارتِ صحت کے حکام کا ہفتے کو کہنا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ ممالک برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آسٹریلیا آنے والے مسافروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ریاست کوئنز لینڈ کے دارالحکومت برسبین میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ہفتے سے تین دن کا سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر سڈنی میں قائم ایک ہوٹل کے قرنطینہ مرکز میں جنوبی افریقہ سے آنے والے شخص میں نئی قسم وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
آسٹریلیا میں حکومت نے جمعے سے کرونا وائرس کی نئی قسم کے سبب بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی تعداد میں کمی کرتے ہوئے کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کو لازمی قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا میں اب تک 28 ہزار سے زائد کرونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ جب کہ اس وبا کی وجہ سے 900 اموات ہو چکی ہیں۔