دنیا بھر میں کرونا کیسز نو کروڑ سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد نو کروڑ سے بڑھ گئی ہے جب کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں سر اُٹھانے والی کرونا کی نئی قسم کا مقابلہ کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
حالیہ دو ماہ کے دوران دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گزشتہ 48 روز کے دوران مجموعی کیسز کے ایک تہائی رپورٹ ہوئے۔
یورپ جہاں مجموعی کیسز کی تعداد گزشتہ ہفتے ڈھائی کروڑ سے بڑھ گئی تھی کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
دنیا بھر میں کرونا سے اب تک 19 لاکھ 36 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
ملائیشیا: دارالحکومت اور پانچ ریاستوں میں 14 روزہ محدود لاک ڈاؤن کا اعلان
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم محی الدین یاسین نے ملک میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر دارالحکومت کوالالمپور سمیت پانچ ریاستوں میں 14 دن کے لیے محدود لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کا آغاز بدھ سے ہو گا۔
ملائیشیا گزشتہ سال مارچ میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت پابندیاں عائد کرنے والے ممالک میں شامل تھا جس سے پہلی لہر کے دوران وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی تاہم ملک کو معاشی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سخت پابندیاں نہ لگائی گئیں تو ملائیشیا میں مئی تک یومیہ کیسز کی تعداد آٹھ ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
پیر کو براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارے اسپتالوں پر دباؤ بہت بڑھ گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے ملائیشیا میں یومیہ کیس تین ہزار سے تجاوز کر گئے تھے جب کہ مجموعی کیسز ایک لاکھ 38 ہزار جب کہ اس مہلک وائرس سے 555 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں 34 ہزار افراد زیر علاج، 2300 انتہائی نگہداشت میں
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ 34 ہزار افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 2300 سے زائد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2408 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 6 ہزار 7 سو ہو گئی ہے۔ جن میں سے 4 لاکھ 61 ہزار 977 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ حکام نے 10 ہزار 717 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق زیر علاج 40ہزار افراد میں سے دو ہزار 340 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پاکستان میں مزید 41 افراد ہلاک، مجموعی اموات 10 ہزار 700 سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات 10 ہزار 717 ہو گئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات 10 ہزار 7 سو سے تجاوز کر گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں وبا سے پہلی لہر میں ابتدائی اموات گزشتہ برس فروری کے وسط میں ہوئی تھیں۔ بعد ازاں مئی کے اختتام سے جولائی کے وسط تک ہلاکتوں کی شرح بلند رہی۔ اس کے بعد اموات میں کمی آ گئی تھی۔
وبا کی دوسری لہر میں نومبر کے اختتام سے ایک بار پھر ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ سب سے زیادہ یومیہ 111 اموات ہلاکتیں 23 دسمبر کو تھیں۔ اب بتدریج ہلاکتوں میں کمی آئی ہے لیکن اموات کی شرح ستمبر اور اکتوبر کے مقابلے میں بلند ہے۔