کرونا کی نئی قسم قدرِ مہلک ہونے کا اندیشہ
برطانیہ میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم ممکنہ طور پر ابتدائی وائرس سے قدرے زیادہ خطرناک اور مہلک ہو سکتی ہے۔
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کا صحافیوں سے گفتگو میں بھی کہنا تھا کہ شواہد موجود ہیں کہ نئی قسم کے وائرس کی وجہ سے زیادہ اموات ہو سکتی ہیں۔
برطانیہ میں سائنس کے مشیر پیٹرک ویلنس کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم 30 فی صد زیادہ مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس بارے میں زیادہ اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔
پیٹرک کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی ابتدائی قسم سے 60 سال سے زیادہ عمر والے ایک ہزار لوگوں میں 10 افراد کی موت واقع ہوتی تھی۔ جب کہ ان کے بقول کرونا وائرس کی نئی قسم سے یہ اموات 13 سے 14 تک ہو سکتی ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں اب تک اس وبا سے 35 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 96 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
پاکستان سے کرونا ویکسین کی فراہمی کی درخواست موصول نہیں ہوئی: بھارت
پاکستان کو کرونا ویکسین فراہم کرنے سے متعلق بھارت کی حکومت کا کہنا ہے کہ اسے ابھی تک اسلام آباد سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستوا کا جمعے کو کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی طرف سے بھارت کی ویکسین کی فراہمی سے متعلق کی گئی درخواست سے آگاہ نہیں ہیں۔
بھارت اب تک کرونا ویکسین ہمسایہ ممالک بنگلہ دیش، نیپال، میانمار، بھوٹان اور مالدیپ کو عطیہ کر چکا ہے۔ جب کہ افغانستان اور سری لنکا کے حکام کی طرف سے ویکسین کی منظوری دیے جانے کے بعد ان دو ممالک کو ویکسین عطیہ کی جائے گی۔
پاکستان سے ویکسین کی فراہمی سے متعلق درخواست کیے جانے پر بھارت کے ردِ عمل سے متعلق سوال پر انوراگ کا کہنا تھا کہ یہ سوال مفروضات پر مبنی ہے اور وہ اس کا جواب نہیں دینا چاہتے۔
خیال رہے کہ چین نے پاکستان کو کرونا وائرس کی 5 لاکھ خوراکیں دینے کی حامی بھری ہے۔
متحدہ عرب امارات سے ڈنمارک آنے والی پروازوں پر عارضی پابندی
ڈنمارک نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے آنے والی پروازوں پر پانچ دن کے لیے عارضی پابندی لگا دی ہے۔
حکام کے مطابق یہ پابندی دبئی سے آنے والے مسافروں کے سفر سے پہلے کیے جانے والے کرونا ٹیسٹ قابل بھروسہ نہ ہونے کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔
ڈنمارک کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ دبئی میں کرونا ٹیسٹ صحیح طریقے سے کیے جائیں۔
اس پیش رفت کے بعد دبئی میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں۔
کرونا وائرس: امریکہ کا نظامِ صحت مشکل ترین صورتِ حال سے دوچار
امریکہ میں کرونا کی ویکسین کی فراہمی کا کوئی مربوط نظام نہیں ہے جس کی وجہ سے کہیں ویکسین ضائع ہو رہی ہے اور کہیں لوگ اس کے منتظر ہیں۔ اس وقت اسپتالوں میں وبا کے مریضوں کی کیا صورتِ حال ہے اور صحتِ عامہ کا نظام اس سے نمٹنے کے لیے کتنا تیار ہے؟ جانتے ہیں صبا شاہ خان کی رپورٹ میں