رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:54 24.1.2021

ایرانی صدر کا چند ہفتوں میں ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا اعلان

مشرقِ وسطی میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا ویکسین لگائے جانے کا عمل اگلے چند ہفتوں میں شروع ہو جائے گا۔

اتوار کو اپنے خطاب میں حسن روحانی کا کہنا تھا کہ جب تک مقامی ویکسین دستیاب نہیں ہو جاتی، مغربی ویکسین ملک کی ضرورت ہیں۔ تاہم ایرانی صدر کی طرف سے مغربی ویکسین کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ سات ماہ کے دوران رپورٹ کیے جانے والے یومیہ کیسز کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حکومت کو امریکہ اور برطانیہ سے کرونا ویکسین درآمد کرنے سے منع کیا تھا۔ جو کہ ان کے بقول دوسرے ممالک میں وبا پھیلانا چاہتے ہیں۔

اس انتباہ کے بعد حسن روحانی کا کہنا تھا کہ حکومت محفوظ مغربی ویکسین خریدے گی۔
خیال رہے کہ ایران اقوامِ متحدہ کے پروگرام 'کو ویکس' کا بھی حصہ ہے۔ جس کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریب اور ترقیِ پذیر ممالک کو کرونا ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے۔

19:57 24.1.2021

دنیا بھر میں کرونا کیس 10 کروڑ کے قریب، متاثرہ ممالک میں امریکہ سرِ فہرست

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ اس مہلک وبا سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ امریکہ کیسز اور اموات کے لحاظ سے دنیا میں سرِفہرست ہے۔

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں اب تک دو کروڑ پچاس لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ چار لاکھ 17 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

امریکہ کے بعد بھارت میں کرونا وائرس کے ایک کروڑ 60 لاکھ کیس سامنے آئے ہیں جب کہ اس جنوبی ایشیائی ملک میں ایک لاکھ 53 ہزار اموات ہوئی ہیں۔

برازیل میں اس متعدی مرض نے 90 لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے جب کہ جنوبی امریکہ کے اس ملک میں وائرس سے دو لاکھ 16 ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ادھر عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس گیبراسس نے کہا ہے کہ وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے استعمال سے عالمی وبا پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اب تک 50 ممالک میں لوگوں کو ویکسین کی خوراک دی جا رہی ہے۔ لیکن ان ممالک میں دو کے علاوہ تمام ملک زیادہ اور درمیانی آمدنی والے ممالک ہیں۔

اس رجحان کے پیشِ نظر انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایک عالمی خاندان کے طور پر مل جل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ویکسین کو جلد از جلد اور مساوی طریقے سے تقسیم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیے

12:52 25.1.2021

نیوزی لینڈ: خاتون کرونا وائرس کا شکار کیسے ہوئیں؟ تحقیقات ہوں گی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ میں تقریباً دو ماہ بعد اتوار کو کرونا وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق کرونا وائرس سے متاثر ہونے والی خاتون کی عمر 56 برس ہے اور انہوں نے حال ہی میں بیرونِ ملک سفر کیا تھا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس سے متعلق وزیر کرس ہپکنز نے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون 30 دسمبر کو نیوزی لینڈ پہنچی تھیں اور ان میں کرونا وائرس کی اس نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے جس کے کیسز ساؤتھ افریقہ میں سامنے آئے ہیں۔

کرس ہپکنز کے مطابق خاتون نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد دو ہفتے قرنطینہ میں بھی رہیں اور اس دوران ان کے دو ٹیسٹس ہوئے اور دونوں ہی منفی آئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے علاوہ اور کسی شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

حکام کے مطابق خاتون کو وائرس لگنے کی ممکنہ وجہ قرنطینہ میں رہنے والا کوئی ایسا فرد ہو سکتا ہے جو حال ہی میں بیرونِ ملک سے لوٹا ہو۔ نیوزی لینڈ کے وزیرِ 'کرونا وائرس ریسپانس' نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس خاتون تک وائرس کیسے پہنچا۔

خیال رہے کہ 50 لاکھ آبادی والے ملک نیوزی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے صرف 1927 کیسز سامنے آئے ہیں۔

12:54 25.1.2021

چین میں کرونا وائرس کے 124 نئے کیسز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور کچھ ایسے مریض بھی سامنے آئے ہیں جن میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں تھیں۔

چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق اتوار کو ملک میں 124 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ اس سے ایک روز قبل 80 کیسز سامنے آئے تھے۔

چین کے صوبے جیلن میں 67 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبۂ ہیلوژیان میں 35 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ہیبی میں 11 مریض سامنے آئے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG