پاکستان میں مزید 31 اموات، 33 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 31 افراد ہلاک جب کہ 1508 متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 31 اموات کے بعد ملک بھر میں وبا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 833 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق وبا سے مزید 1508 افراد کے متاثر ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 50 ہزار 540 ہو گئی ہے۔
متاثرہ افراد میں سے پانچ لاکھ پانچ ہزار 818 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 11 ہزار 833 اموات ہوئی ہیں۔ یوں 32 ہزار 889 افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
حکام کے مطابق زیرِ علاج افراد میں سے 1971 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
'70 فیصد پاکستانیوں کو کرونا ویکسین لگنے میں 2 سال لگ سکتے ہیں'
کرونا وائرس کی موجودہ صورت حال اور اس کے خلاف ہونے والے اقدامات کے بارے میں سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے وائس آف امریکہ کے آفتاب بوڑکا کی گفتگو۔
ہرڈ امیونٹی کیا ہے؟
کرونا وبا کے عالمی بحران کے دوران آپ کئی بار سن چکے ہوں گے کہ 'ہرڈ امیونٹی' حاصل ہو جائے تو وائرس سے نمٹنا آسان ہو جائے گا۔ لیکن یہ ہرڈ امیونٹی ہے کیا؟ دنیا بھر میں ہرڈ امیونٹی کا ہدف کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے اور ہرڈ امیونٹی حاصل ہو جانے کے بعد کیا ہوگا؟ جانیے آن لائن کلینک کی بارھویں قسط میں۔
چین کا ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان
چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ کرونا سے بچاؤ کے عالمی پروگرام کے لیے کرونا ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں ترقی پذیر ممالک کو فراہم کرے گا۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان وینگ وینبن نے کہا ہے کہ چین عالمی ادارۂ صحت کے دنیا بھر میں ترقی پذیر ممالک کے لیے ویکسین فراہم کرنے کے مطالبے کے جواب میں یہ ویکسین فراہم کرے گا۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ چین کون سی ویکسین فراہم کرے گا۔
چین اس سے پہلے اس سے کہیں زیادہ کرونا ویکسین کی خوراکوں کی امداد اور سودے 30 سے زائد ممالک کے ساتھ کر چکا ہے۔
چینی کمپنی سائنوویک بائیوٹیک نے ترکی کے ساتھ اپنی ویکسین کی پانچ کروڑ خوراکوں کا معاہدہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ چین کے اس اقدام سے عالمی سطح پر اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کیوں کہ یہ نظریہ عام ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا چین کے شہر ووہان سے پھوٹی تھی۔