بالی وڈ کے گانوں پر رقص کرنے والے امریکی 'ڈانسنگ ڈیڈ'
کرونا وائرس کے دوران گھروں میں رہتے ہوئے اپنی بوریت مٹانے کے لیے لوگوں نے بہت کچھ منفرد کیا اور اب بھی کر رہے ہیں۔ ملیے ایک ایسے ہی امریکی والد سے جنہوں نے اپنے ڈانس کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کیں اور اب وہ دنیا کے کئی حصوں میں مقبول ہو چکے ہیں۔ آؤنشمن آپٹے کی رپورٹ
غریب ممالک کے لیے اقوامِ متحدہ کا ایک ارب کرونا ویکسین کا معاہدہ
اقوامِ متحدہ کے بچوں کے ایمرجنسی فنڈ کے ادارے یونیسف نے بھارت کے سیرم انسٹی ٹیوٹ سے ویکسین کی ایک اعشاریہ ایک ارب خوراکوں کو مہیا کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت سیرم انسٹی ٹیوٹ ایسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ کے شراکت سے بنائی گئی ویکسین اور انووا ویکس ویکسین تین ڈالر فی خوراک کے قیمت پر مہیا کرے گا۔
یونیسیف ڈائریکٹر ہینرییتا فور کے مطابق یہ کوویکس ویکسین کی پہلی کھیپ ہو گی اور اس کے بعد ویکسین کی مزید خوراکیں حاصل کی جائیں گی تاکہ اس سال کے پہلے حصے کی ضروریا ت پوری کی جاسکیں۔
یاد رہے کہ کوویکس کے اشتراکی پروگرام کے تحت عالمی ادارہ صحت، ویکسن کے حصول کے لیے قائم کیا گیا ویکسین اتحاد اور سینٹر وبا کے امراض سے نمٹنے کی تیاری کے ادارے سی ای پی آئی کے ساتھ مل کر دنیا کے سب سے کم آمدنی والے غریب ممالک کے لیے ویکسین کی تقسیم کا کام کیا جار ہا ہے۔
پاکستان: لوگوں کو ویکسین لگوانے پر آمادہ کرنا بڑا چیلنج
پاکستان میں کرونا وائرس کی ویکسی نیشن کا آغاز ہو چکا ہے اور پہلے مرحلے میں طبی عملے کو ویکسین دی جا رہی ہے۔ لیکن حکام کو یہ خدشہ بھی ہے کہ پاکستان میں لوگوں کو کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے پر قائل کرنا ویکسین حاصل کرنے سے بڑا چیلنج ثابت ہو گا۔ مزید تفصیلات جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
پاکستان میں 32 افراد زیر علاج، مزید 53 ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 53 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے مزید 53 افراد کی موت کے بعد مجموعی ہلاکتیں 11 ہزار 886 ہو گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 1302 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان میں وبا سے لوگوں کے متاثر ہونے کی شرح میں کمی آئی ہے۔
پاکستان میں وبا سے متاثرہ 32 ہزار 454 افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں جب کہ ان میں سے 1903 مریضوں کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے پاکستان میں ویکسی نیشن کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ملک بھر میں طبی عملے کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
پاکستان کو چین نے پانچ لاکھ ویکسین عطیے میں دی تھیں جس سے ویکسی نیشن کا عمل شروع کیا گیا ہے۔