کرونا وائرس: کیا یورپ 'ویکسین پاسپورٹ' متعارف کرا سکتا ہے؟
ایسے میں جب یورپ میں ویکسین پاسپورٹ کے اجرا کے امکانات روشن ہو رہے ہیں، زیادہ تر یورپی ممالک نہ صرف سفر کرنے والوں کے لیے ویکسین لگوانے کا ثبوت پاس رکھنے کو لازمی قرار دینے کا سوچ رہے ہیں بلکہ اس پاسپورٹ کو بارز، ریستورانوں اور کنسرٹ ہالز کو بھی دوبارہ کھولنے میں مدد کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
برطانیہ کے وزیرِاعظم بورس جانسن سے جب سوال کیا گیا کہ آیا ویکسین پاسپورٹ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے تو انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بعض بین الاقوامی سفر کے لیے ویکسی نیشن کا ثبوت درکار ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "صاف بات ہے کہ کچھ ممالک یہ اصرار کرنے جا رہے ہیں کہ جو مسافر ان کے ملک آ رہے ہیں، ان کے پاس ویکسی نیشن کا ثبوت موجود ہو۔ بالکل اسی طرح جیسے ماضی میں زرد بخار یا دیگر بیماریوں کے خلاف ویکسی نیشن کا ریکارڈ مانگا جاتا تھا۔"
یورپی حکومتیں اس بارے میں تقسیم رہی ہیں کہ آیا ویکسین پاسپورٹ کا نظام رائج کیا جائے یا نہیں لیکن سیاح اور مہمان داری (ہاسپیٹیلیٹی) کے شعبے اپنے کاروبار کی بحالی کے لیے بے چین ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک اور موسمِ گرما ضائع نہیں کر سکتے۔
پاکستان میں صرف چار فی صد متاثرہ افراد زیرِ علاج
پاکستان میں وبا سے متاثرہ صرف چار فی صد افراد زیرِ علاج ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 1272 متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 67 ہزار 261 ہو گئی ہے۔ جن میں سے 12 ہزار 488 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ پانچ لاکھ 30 ہزار 597 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 ہزار 476 افراد زیرِ علاج ہیں جو مجموعی متاثرہ افراد کے 4.2 فی صد تعداد بنتی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 85 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
امریکی فوج کے ہزاروں اہلکاروں کا کرونا ویکسین لگوانے سے انکار
امریکی فوج کے ہزاروں اہلکاروں نے کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا ہے۔ البتہ افسران مسلسل اُنہیں ویکسین سے متعلق انٹرنیٹ پر موجود افواہوں پر دھیان نہ دینے کی ہدایت کر رہے ہیں۔
امریکی ایئر فورس کے میجر جنرل جیف ٹیلیفیرو نے بدھ کو کانگریس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق فوج کے دو تہائی اہلکاروں نے ویکسین لینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی جب کہ بعض اہلکاروں نے ویکسین لگوانے سے انکار کیا ہے۔
امریکہ فوج کی 'آرمی فورسز کمانڈ' کے سرجن بریگیڈیئر جنرل ایڈورڈ بیلی کا کہنا ہے کہ "ہم ویکسین سے متعلق اہلکاروں کو آگاہی دینے اور اُنہیں ویکسین لگوانے پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"
اُن کے بقول فوج کی بعض یونٹس میں 30 فی صد اہلکاروں نے ویکسین لگوانے پر رضا مندی ظاہر کی ہے جب کہ دیگر یونٹس میں یہ تعداد کہیں 50 فی صد اور کہیں 70 فی صد ہے۔
یاد رہے کہ آرمی فورسز کمانڈ امریکہ میں موجود 15 فوجی اڈوں کی نگران ہے جہاں لگ بھگ سات لاکھ 50 ہزار فوجی، ریزرو اہلکار اور نیشنل گارڈز موجود ہوتے ہیں۔
بھارت: کرونا ویکسی نیشن مہم پر لوگوں کے خدشات
بھارت میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اب تک 80 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ نئی دہلی اگست تک 30 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن ملک میں ویکسین کے بارے میں شکوک و شبہات اس مہم کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ حکام ان چیلنجز سے کیسے نمٹ رہے ہیں؟ دیکھیے۔