امریکہ میں نسلی اقلیتیں کرونا ویکسین لینے کے لیے تیار کیوں نہیں؟
امریکہ میں کچھ نسلی اقلیتوں کو کرونا وائرس اور اس سے ہونے والی پیچیدگیوں کا خطرہ دوسرے شہریوں کی نسبت زیادہ ہے۔ ماہرین کی نظر میں ان طبقات کے لیے ویکسین لینا اور بھی اہم ہے۔ خطرہ زیادہ ہونے کے باوجود ان طبقات میں سے بہت سے لوگ کرونا ویکسین کیوں نہیں لینا چاہتے؟ دیکھیے صبا شاہ خان کی رپورٹ میں۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 23 ہلاکتیں، 1176 نئے کیس
پاکستان میں مجموعی طور پر کرونا وبا کی شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ تاہم اتوار کو کرونا سے مزید 23 ہلاکتیں اور 1176 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک پانچ لاکھ 79 ہزار سے زائد کرونا کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں وائرس سے اب تک 12 ہزار 860 اموات جب کہ پانچ لاکھ 45 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اب بھی 1562 مریض مختلف اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
بھارت: کرونا ویکسی نیشن مہم کا دائرہ وسیع، مودی نے بھی ٹیکہ لگوا لیا
بھارت میں کرونا ویکسی نیشن کی مہم کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے۔ ہیلتھ ورکز کے بعد اب ویکسین اُن معمر افراد کو دی جا رہی ہے جنہیں طبی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔
پیر کو بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی ہے۔
ویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر اور 45 برس سے زیادہ عمر کے اُن افراد کو ویکسین دی جائے گی جو امراضِ قلب یا ذیابیطس کے شکار ہیں۔
مذکورہ دونوں بیماریوں کے شکار افراد کو کرونا کی صورت میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔
بھارت کے سرکاری اسپتالوں میں کرونا ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے جب کہ 10 ہزار سے زائد نجی اسپتالوں میں یہ ویکسین 250 روپے میں لگوائی جا سکتی ہے۔
ستر سالہ بھارتی وزیرِ اعظم نے پیر کو نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں ویکسین لگوانے کے بعد اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایک ساتھ مل کر بھارت کو کرونا سے پاک بنائیں۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 36 ہلاکتیں، میرپور میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 1392 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی طور پر رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 81 ہزار 365 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں اب تک کرونا کی تشخیص کے لیے 89 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
ادھر بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر میر پور میں حکام نے ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق میر پور کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق میر پور میں تمام تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ دو ہفتے تک بند رہے گی۔
شہر میں پیٹرول پمپس، کریانہ اسٹور اور دیگر ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
شہر کے شادی ہالز بھی ایک ماہ تک بند رہیں گے۔