پاکستان میں ساڑھے 16 ہزار سے زائد افراد زیرِ علاج، مزید 43 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 43 افراد ہلاک جب کہ لگ بھگ 18سو متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمارکے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے 1786 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد زیرِ علاج افراد کی تعداد 16 ہزار 699 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں وبا سے مجموعی طور ہر پانچ لاکھ 95 ہزار افراد متاثر ہوئے جن میں سے پانچ لاکھ 65 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ 13 ہزار 324 اموات ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں زیرِ علاج 16 ہزار 699 افراد میں سے 1664 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بڑی عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن کا عمل شروع
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی ویکسی نیشن کی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔
دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد شہریوں کو ویکسین دی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کے ترجمان محمد عاصم کا کہنا تھا کہ ایل آر ایچ میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً پچاس بزرگ شہریوں مرد و خواتین کو ویکسین لگائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایل آر ایچ کا کرونا ویکسی نیشن سینٹر صبح آٹھ بجے سے شاہ چھ بجے تک کھلا رہتا ہے۔
ایل آر ایچ کے ترجمان نے واضح کیا کہ بزرگ شہریوں میں کسی کو بھی کسی قسم کا ری ایکشن نہیں ہوا۔
پنجاب میں بڑی عمر کے 70 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف
پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کی مہم میں دوسرے مرحلے میں 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو اب تک چین سے ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں تحفے میں ملی ہیں، جن میں سے پہلے مرحلے میں طبی عملے کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
اس حوالے سے پنجاب کے سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر 104 سینٹرز فعال ہیں۔ بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے ویکسی نیشن سینٹرز نمایاں مقامات پر بنائے گئے ہیں۔
ان کے بقول لاہور کے ایکسپو سینٹر میں 20 ویکسی نیشن کاؤنٹرز قائم ہیں۔ ضرورت پڑی تو کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد بزرگ شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
یوکرائن کے پاس ویکسین موجود، شہری لگوانے کے لیے تیار نہیں
یوکرائن کو کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ تو موصول ہو گئی ہے لیکن اسے ویکسین لگوانے کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق یوکرائن میں ایک جانب کیسز میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب شہریوں میں ویکسین لگوانے میں مخالفت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
یوکرائن کے کیف انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سوشیالوجی نے رواں ماہ ایک سروے کے اعداد و شمار جاری کیے تھے جس میں سامنے آیا تھا کہ 60 فی صد شہری ویکسین نہیں لگوانا چاہتے۔
قبل ازیں کیے گئے سروے میں 40 فی صد شہریوں نے ویکسین نہ لگوانے کا عندیہ دیا تھا۔
یوکرائن کو فروری کے آخر میں اسٹرازینیکا ویکسین کی پانچ لاکھ خوارکیں موصول ہوئی ہیں۔ اس کے بعد سے اب تک صرف 23 ہزار 500 افراد کو ہی ویکسین لگائی جا سکی ہے۔
واضح رہے کہ یوکرائن کی آبادی چار کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے جن میں سے 14 لاکھ افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ لگ بھگ 28 ہزار اموات ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے میں سے صرف 40 فی صد ہی ویکسین لگوانے کے لیے رضا مند ہیں۔