بوسنیا کی ویکسین کے حصول کی کوشش، جرمنی سے مدد کی درخواست
بوسنیا اور ہرزیگووینا نے جرمنی سے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے کوویکس پروگرام کے ذریعے کرونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی تیز کرنے میں مدد کے لیے کہا ہے اور عالمی ادارہ صحت کے اس پروگرام پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں بوسنیا کے وزیرِ خارجہ بیسرا ترکووچ نے کہا کہ بوسنیا نے ویکسین کی عالمی سطح پر فراہمی کے منصوبے کوویکس کو ادائیگی بھی کی ہے۔ لیکن ابھی تک اس پروگرام کے تحت ویکسین کی فراہمی نہیں ہوئی۔
بیسرا ترکووچ نے کہا کہ ہمارے شہری بجا طور پر ناخوش ہیں اور اسی وجہ سے جرمن وزیرِ خارجہ سے اس مسئلے کے حل کے لیے یورپی کمیشن کے ساتھ ثالثی میں مدد کے لیے کہا ہے۔
اس موقع پر جرمن وزیرِ خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ کوویکس کے تحت مئی کے آخر تک 140 ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے گی ان میں بوسنیا بھی شامل ہےایک لاکھ 30 ہزار خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔
ہائیکو ماس نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کوویکس کے تحت ویکسین کی فراہمی منتظر ممالک میں تیزی سے نہیں ہو رہی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ ممالک سیاسی حمایت کے بدلے مختلف ممالک کو ویکسین فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مخصوص ممالک کے نام نہیں لیے۔
امریکہ میں اموات کی تعداد پانچ لاکھ 29 ہزار سے متجاوز
امریکہ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد پانچ لاکھ 29 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں وبا سے مزید 1564 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 29 ہزار 267 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ میں جنوری میں اموات کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا اور 12 جنوری کو 4465 افراد کے وبا کے باعث ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی تھی جو کہ 24 گھنٹوں میں ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔ فروری میں اموات کی شرح میں کمی آںا شروع ہوئی۔
پاکستان میں وبا کے ٹیسٹ مثبت ہونے کی شرح میں اضافہ
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی نشان دہی کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 42 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے 42 ہزار 142 ٹیسٹوں کے بعد مجموعی طور پر 93 لاکھ 60 ہزار ٹیسٹ ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 5.3 فی صد ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے ایک دن قبل ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4.5 فی صد تھی۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں 17 ہزار 628 افراد زیرِ علاج ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں 2258 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ 29 جنوری کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دو ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہوں۔
امریکی سینیٹ کے بعد ایوانِ نمائندگان سے بھی 19 کھرب ڈالر کا کرونا ریلیف پیکج منظور
امریکہ کے ایوانِ زیریں ہاؤس آف ریپریزنٹیٹو (ایوانِ نمائندگان) نے صدر جو بائیڈن کے 19 کھرب ڈالر کے کرونا ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
بیس جنوری کو صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کرونا پیکج کی کانگریس سے منظوری بائیڈن انتظامیہ کی پہلی بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ کیوں کہ امریکی سینیٹ پہلے ہی اس بل کو منظور کر چکی ہے اور اب بل کو حتمی منظوری کے لیے صدر بائیڈن کے پاس بھیج دیا جائے گا۔
ایوانِ نمائندگان سے بدھ کو منظور ہونے والے کرونا پیکج بل میں مختص رقم عوام کی مالی معاونت کے علاوہ کاروباری سرگرمیوں کو استحکام بخشنے پر بھی خرچ کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کے مطابق صدر بائیڈن کرونا ریلیف پیکج بل پر جمعے کو دستخط کریں گے۔