چین ایک ہفتے میں ایک کروڑ افراد کی ویکسی نیشن
دنیا میں کرونا وبا سے سب سے پہلے متاثر ہونے والے ملک چین میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم تیزی سے جاری ہے اور ایک ہفتے کے دوران ایک کروڑ چینی شہریوں کو ویکسین لگائی گئی ہے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ وہ کرونا وبا کی صورتِ حال اور ویکسی نیشن مہم کو دیکھتے ہوئے مختلف ممالک کے لیے ویزہ پالیسی ترتیب دے رہے ہیں۔
چینی وزارتِ صحت کے ترجمان می فینگ کا کہنا ہے کہ ہفتے تک ملک بھر میں سات کروڑ 49 لاکھ 60 ہزار کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔ چین دنیا میں ویکسی نیشن مہم شروع کرنے والا پہلا ملک تھا تاہم اس کے بعد ویکسی نیشن مہم شروع کرنے والے امریکہ اور اسرائیل میں شہریوں کو ویکسین لگانے کی شرح اب چین سے زیادہ ہے۔
محکمہ صحت کے ترجمان می فینگ نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ہفتے تک ویکسین کی سات کروڑ 49 لاکھ 60 ہزار خوراکیں لگائی جاچکی تھیں۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال کے وسط تک ایک ارب 40 کروڑ کی مجموعی آبادی کے 40 فی صد کو ویکسین لگا دی جائے گی۔
ٹوکیو اولمپکس: غیر ملکی شائقین کی آمد پر پابندی کا اعلان
ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وبا کے سبب رواں سال ہونے والے اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
منتظم کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو توشیرو موتو کا ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ غیر ملکی شائقین کی جانب سے خریدے گئے چھ لاکھ ٹکٹس ری فنڈ کر دیے جائیں گے۔
توشیرو موتو کے مطابق پیرا اولمپکس کے لیے خریدے گئے تین لاکھ ٹکٹس کی رقوم بھی واپس کر دی جائیں گی۔ البتہ، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس مد میں کتنی رقم شائقین کو واپس کی جائے گی۔
اولمپک گیمز کو گزشتہ سال کرونا وبا کے سبب ملتوی کیا گیا تھا۔ جس کا انعقاد رواں سال 23 جولائی سے آٹھ اگست تک کیا جائے گا جب کہ پیرا اولمپک کے مقابلے 24 اگست سے پانچ ستمبر کے درمیان ہوں گے۔
بھارت: نومبر کے اوائل کے بعد ریکارڈ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 46 ہزار 951 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سات نومبر 2020 کے بعد بھارت میں رپورٹ ہونے والے یہ ریکارڈ کیسز ہیں۔
بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے پیشِ نظر مختلف ریاستوں میں دوبارہ پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا کے شکار مزید 212 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد لگ 15 ہزار 997 تک پہنچ گئی ہے۔
حکومتی ڈیٹا کے مطابق بھارت میں ایک کروڑ 16 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے اب تک ایک کروڑ 11 لاکھ مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز
تائیوان میں پیر سے کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے اور وزیرِ اعظم سو سینگ چینگ نے کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے۔
تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کے لیے برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔
ویکسی نیشن مہم کے پہلے مرحلے میں لگ بھگ 60 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر تائیوان نے اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں اور اب ملک میں کرونا کے صرف 33 مریض زیرِ علاج ہیں۔