کرونا سے متعلق غلط معلومات، وینزویلا کے صدر کا فیس بک پیج معطل
سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ 'فیس بک' نے کہا ہے کہ کمپنی نے کووڈ-19 سے متعلق غلط معلومات کا پرچار کرنے پر وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کا پیچ 30 روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔
فیس بک کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ مدورو نے کرونا کے علاج کے لیے اپنے پیج پر جڑی بوٹیوں سے تیار کیے گئے ایک مشروب سے متعلق بغیر کسی طبی حقائق کے ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔
ترجمان کے بقول صدر نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ کرونا وائرس کے خلاف ایک مؤثر دوا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وینزویلا کے صدر نے مزید لکھا کہ یہ مشروب ایک معجزہ ہے جو کسی بھی مضر اثرات کے بغیر کرونا وائرس کا خاتمہ کر سکتا ہے۔
پاکستان: کرونا مثبت کیسز کی شرح 11 فی صد سے زیادہ
پاکستان میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 11 فی صد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران 40 ہزار 369 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 4525 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
حکام کے مطابق کرونا مثبت ٹیسٹ کی شرح گیارہ اعشاریہ دو ایک فی صد تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا کے شکار مزید 41 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 256 ہو گئی ہے اور اب بھی تین ہزار سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک چھ لاکھ 59 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے پانچ لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
پاکستان میں عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے کرونا ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور مجموعی طور پر ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ بھی کیے جا چکے ہیں۔
کیٹ میڈلٹن نے وبا کے دوران کھینچی گئی تصاویر پر مشتمل کتاب مرتب کر دی
برطانیہ کے شاہی خاندان کی بڑی بہو اور ڈچس آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن نے کرونا لاک ڈاؤن کے دوران کھینچی گئی تصاویر پر مبنی ایک کتاب لانچ کر دی ہے۔
اس کتاب کا عنوان 'ہولڈ اسٹل: اے پوٹریٹ آف آور نیشن ان 2020' ہے اور یہ سات مئی سے دستیاب ہو گی۔
ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے اس پروجیکٹ کا آغاز گزشتہ برس نیشنل پوٹریٹ گیلری کے تعاون سے کیا تھا۔
انہوں نے لوگوں کو دعوت دی تھی کہ وہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے پہلے لاک ڈاؤن کے دوران کھینچی گئی تصاویر کو جمع کرائیں۔
برطانیہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوسرے مرحلے میں داخل
برطانیہ میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمیاں کی جا رہی ہیں اور پیر سے گھر سے باہر چھ افراد کے جمع ہونے کی اجازت ہو گی۔
آٹھ مارچ کو اسکول کھولنے کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوسرے مرحلے میں برطانوی حکومت کی جانب سے لوگوں کو ایک ساتھ جمع ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
پابندیوں میں نرمی کے بعد ٹینس، گالف، باسکٹ بال اور سوئمنگ کے آؤٹ ڈور مقابلے ہو سکیں گے۔
وزیرِ اعظم بورس جانسن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پیر سے برطانیہ میں موسمِ گرما کے کھیلوں کا آغاز ہو گا اور لوگ اپنی ٹیموں کے ساتھ دوبارہ مل سکیں گے۔
تاہم انہوں نے خبردار بھی کیا ہے کہ یورپ میں بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے ہمیں بدستور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سماجی دوری اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں۔