وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کرونا ٹیسٹ مثبت
امریکہ: فائزر اور موڈرنا کی ویکسین انتہائی مؤثر قرار
امریکہ میں دوا ساز کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ ویکسین اور موڈرنا کی کووڈ-19 ویکسینز کے 90 فی صد تک مؤثر ہونے کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے (سی ڈی سی) کے مطابق تحقیق کے بعد معلوم ہوا ہے کہ فائزر اور موڈرنا کی تیار کردہ ویکسین کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انتہائی مؤثر ہیں۔
یہ تحقیق 14 دسمبر سے 13 مارچ کے درمیان امریکہ کی چھ ریاستوں میں لگ بھگ چار ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز، فرسٹ رسپانڈرز اور دیگر پر کی گئی تھی۔
سی ڈی سی کے مطابق تحقیق کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ویکسین کی پہلی خوراک 80 فی صد جب کہ دوسری خوراک 90 فی صد تک انفیکشن کا خطرہ کم کر دیتی ہے۔
سی ڈی سی کی ڈائریکٹر روشیل ویلنسکی نے وائٹ ہاؤس میں ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ مذکورہ ویکسینز کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں ویکسین صرف علامات نہیں بلکہ بغیر علامات والے انفیکشنز کے خلاف بھی مؤثر ہو سکتی ہیں۔
مستقبل میں کرونا جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے 23 ممالک کی عالمی معاہدے کی تجویز کی حمایت
عالمی ادارۂ صحت اور دنیا کے 23 ملکوں نے مستقبل میں کرونا وائرس جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے ایک بین الاقوامی معاہدے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔
یہ تجویز گزشتہ برس نومبر میں دنیا کی 20 مضبوط ترین معیشتوں کے حامل ملکوں کے اجلاس (جی 20) میں یورپی یونین لیڈرز کے چیئرمین چارلس مائیکل نے پیش کی تھی۔
اس تجویز میں وبا کے دوران ویکسینز، ادویات اور دیگر اشیا کی مساوی فراہمی کو یقینی بنانے کی بات کی گئی تھی۔
منگل کو اس تجویز پر برطانیہ، فرانس، جرمنی، اسپین، انڈونیشیا، پرتگال، رومانیہ، روانڈا، فجی، کینیا، یونان، کوریہ، چلی، کوسٹا ریکا، البانیا، جنوبی افریقہ، ٹرینی ڈاڈ اور ٹوباگو، نیدرلینڈ، تیونس، سنیگال، ناروے، سربیا، یوکرین اور عالمی ادارۂ صحت نے باضابطہ طور پر حمایت کا اظہار کیا ہے۔
امریکہ کی 15 فی صد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل
تیس کروڑ سے زائد آبادی والے ملک امریکہ کی کل آبادی میں سے 14 کروڑ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں 15 فی صد افراد ویکسین کی دو خوراکیں حاصل کر چکے ہیں۔
امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں پندرہ اعشاریہ آٹھ فی صد آبادی (5 کروڑ 26 لاکھ 14 ہزار 231 افراد) کا کرونا ویکسی نیشن کورس مکمل ہو گیا ہے یعنی وہ دونوں خوراکیں لے چکے ہیں۔
سی ڈی سی کے مطابق جن افراد نے کرونا ویکسین کی ایک خوراک لی ہے ان کی کل تعداد نو کروڑ 50 لاکھ 15 ہزار 762 ہے جو کُل آبادی کا 28 اعشاریہ چھ فی صد بنتا ہے۔