رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

09:05 5.4.2021

پاکستان میں مزید 43 اموات، 4323 نئے کیسز رپورٹ

پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت برقرار رہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وائرس کے شکار مزید 43 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 4323 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی تعداد چھ لاکھ 92 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ چھ لاکھ 15 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 821 ہے اور حکام کے مطابق اب بھی 3587 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

09:20 5.4.2021

بھارت میں پہلی مرتبہ ایک دن میں ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کو کرونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے اور پہلی مرتبہ ملک میں ایک روز کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں ایک لاکھ تین ہزار 558 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کیسز کی کل تعداد ایک کروڑ 24 لاکھ سے زیادہ سے زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں عالمی وبا کے شکار مزید 478 مریض ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 101 ہو گئی ہے۔

12:55 5.4.2021

اکشے کمار اسپتال میں داخل

کرونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی وڈ اداکار اکشے کمار اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں۔

اکشے نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ان کی صحت بہتر ہے لیکن ڈاکٹروں کی ہدایت پر احتیاط کے پیشِ نظر وہ اسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔

اداکار نے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے اور اپنی دعاؤں میں انہیں یاد کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

14:25 5.4.2021

برطانیہ: کرونا کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے عالمی وبا کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر 'کرونا ٹیسٹنگ پروگرام' شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو جاری ایک بیان میں بورس جانسن نے بتایا کہ 'کرونا ٹیسٹنگ پروگرام' کے ذریعے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ بغیر علامات والے کیسز کی نشاندہی بھی ہو سکے گی۔

برطانوی وزیر اعظم کے مطابق مذکورہ پروگرام کے تحت انگلینڈ میں ہر شخص ہفتے میں دو بار کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرا سکے گا۔

بورس جانسن نے کہا ہے کہ محتاط انداز میں پابندیوں میں نرمی کے لیے باقاعدگی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ ضروری ہے تاکہ وبا پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن جیسی کوششوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

یاد رہے کہ برطانوی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے خاتمے کے علاوہ مختلف پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے۔ جانسن حکومت ایسے موقع پر پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے جب یورپ میں کیسز میں اضافے کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق برطانیہ میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کا یہ پروگرام صحت کے عہدیداروں کے لیے کرونا کی صورتِ حال پر نظر رکھنے میں مددگار ثابت ہو گا کیونکہ چار ماہ سے سخت لاک ڈاون کے بعد ملک آہستہ آہستہ اب دوبارہ کھل رہا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG