خیبرپختونخوا: کرونا کے مریض صحت کارڈ کے ذریعے علاج کرا سکیں گے
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کرونا کے مریض صحت کارڈ کی مدد سے مفت علاج کرا سکیں گے۔
ان کے بقول صوبے میں کسی بھی سرکاری اور مختص پرائیوٹ اسپتال میں کرونا کے مریض علاج کرا سکتے ہیں۔
تیمور جھگڑا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
برطانیہ میں کرونا پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان
برطانوی حکومت نے کرونا پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ریستوران، جم، لائبریریز اور شراب خانوں کو جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
حکومتی اعلان کے بعد ان ڈور جم، سوئمنگ پولز، چڑیا گھر اور لائبریریز کے دروازے عوام کے لیے کھل جائیں گے۔
رمضان المبارک کے موقع پر برطانیہ میں مساجد بھی کھلی رہیں گی لیکن نمازیوں کو سماجی فاصلے کی دوری کی احتیاط کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔
وزیرِ اعظم بورس جانسن نے پابندیوں میں نرمی کو 'آزادی کی جانب سے بڑھتے قدم' سے تشبیہ دی ہے۔
بورس جانسن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پابندیوں میں نرمی سے ان کاروباری حضرات کو بڑا ریلیف ملے گا جنہوں نے طویل عرصے سے اپنا کاروبار بند کر رکھا تھا۔
اسپتالوں پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے: اسد عمر
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے دوران وبا کے پھیلاؤ، اسپتالوں میں گنجائش اور پابندیوں سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کی صورتِ حال اب بھی بہت نازک ہے اور اسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔
اسد عمر کے مطابق حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرائیں تاکہ کسی بحران سے محفوظ رہا جا سکے۔
سندھ میں ہوٹل رات 10 بجے بند ہوں گے
محکمۂ داخلہ سندھ نے کرونا وائرس کے حوالے سے نیا اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق 16 مئی تک ہو گا۔
نئے اعلامیے کے تحت کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ان علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا جائے گا جہاں وبا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح آٹھ فی صد سے زائد ہو گی۔
اسی طرح ہوٹلوں کے لیے آؤٹ ڈور کھانے کی سروس رات 10 بجے تک اور اس کے بعد ٹیک اوے کی اجازت گی۔
کاروباری مراکز، شاپنگ مال، شادی ہال وغیرہ ہفتے میں پانچ دن صبح چھ سے رات آٹھ بجے تک کھلے ہوں گے جب کہ اتوار اور جمعے کو تمام کاروباری مرکز بند ہوں گے۔
صوبے میں ہر قسم کے سماجی، سیاسی، ثقافتی، مذہبی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینما گھر، پارک اور درگاہیں بھی مکمل بند ہوں گی۔
محکمۂ داخلہ نے سرکاری اور نجی دفاتر کو پابند کیا ہے کہ وہ روزانہ صرف 50 فی صد اسٹاف کو دفاتر میں بلائیں گے۔
محکمۂ داخلہ کے مطابق بند مقامات کے ساتھ ساتھ کھلی جگہوں پر بھی سماجی دوری برقرار رکھنی ہو گی جب کہ ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔