کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ، بھارت میں تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی سطح پر یومیہ کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں مسلسل دوسرے روز کرونا وائرس کے تین لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وبا کے شکار مزید 2263 مریض ہلاک ہوئے ہیں جو اب تک وبا سے ہونے والی اموات کی ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وبا سے اب تک ایک لاکھ 86 ہزار 928 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 24 لاکھ سے زیادہ ہے۔
کرونا کیسز اور اموات میں حالیہ اضافے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں جمعے کو بنگال کا دورہ منسوخ کر دیا ہے اور وہ آج ملک بھر میں کرونا وائرس کی صورتِ حال پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ایس او پیز پر عمل در آمد، پولیس کی مدد کے لیے فوج کو کہا ہے: عمران خان
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کرونا وائرس کی صورتِ حال پر اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کی احتیاط پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں پولیس کی معاونت کے لیے فوج سے مدد کو کہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو شہروں کو بند بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر میں نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
اسد عمر کے مطابق دفتری اوقات دوپہر دو بجے تک محدود ہوں گے، عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی جب کہ شام چھ بجے تک تمام بازار بند ہوں گے تاہم ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
اسد عمر نے اعلان کیا کہ وہ اضلاع جہاں کیسز کی شرح پانچ فی صد ہو گی وہاں تمام اسکول بند رہیں گے۔
وزیرِ اعظم نے شہروں میں فوج طلب کر لی ہے: فواد چوہدری
پاکستان میں یومیہ ریکارڈ ہلاکتیں، مجموعی اموات 17 ہزار ہو گئیں
پاکستان میں کرونا وائرس سے ایک دن میں ریکارڈ 157 افراد کی موت ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق قبل ازیں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات گزشتہ برس وبا کی پہلی لہر میں 20 جون کو 153 ہلاکتوں کی صورت میں ہوئی تھی۔
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان میں پاکستان میں وبا کے حالیہ پھیلاؤ کو کرونا وائرس کی تیسری لہر قرار دے چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مزید 157 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار 999 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 10 دن میں پاکستان میں ایک ہزار 246 افراد وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔