پاکستان میں سخت پابندیوں کا عندیہ
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر کرونا کی صورتِ حال میں بہتری نہ آئی تو ملک میں مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے جس کی تیاری کی جا رہی ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورتِ حال کے پیشِ نظر پڑوسی ملک کے ساتھ آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد ہے جس پر مکمل عمل درآمد ہو رہا ہے۔
پاکستان میں کووِڈ ویکسی نیشن: کیا جاننا ضروری ہے؟
پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سرکاری سطح پر چین میں تیار ہونے والی دو ویکسینز لگائی جا رہی ہیں جب کہ نجی شعبہ روسی ویکسین لگا رہا ہے۔ کیا یہ ویکسینز مکمل طور پر محفوظ ہیں؟ ان ویکسینز سے متعلق لوگوں کے خدشات کتنے درست ہیں اور کیا کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو بھی ویکسین لگوانا ضروری ہے؟ جانتے ہیں ڈاکٹر صومیہ اقتدار سے۔ نوید نسیم کی رپورٹ۔
پاکستان: 50 سال سے زائد عمر کے افراد قریبی ویکسی نیشن سینٹر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ آج سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد اپنے قریبی کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
فیصل سلطان نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ویکسین لگوانے کے لیے شناختی کارڈ اور فون ضرور لے کر جائیں۔
امریکہ کا بھارت کو آکسیجن سیلنڈرز، ماسک اور کرونا ٹیسٹنگ کٹس دینے کا اعلان
عالمی وبا کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ نے بھارت کے لیے 10 کروڑ سے زائد مالیت کی کرونا سپلائز دینے کا اعلان کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے امریکہ کی جانب سے بھارت کو کرونا وائرس کی سپلائز بھیجنے کا آغاز جمعرات سے کیا جائے گا جو آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا۔
کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی کووڈ سپلائز میں ایک ہزار آکسیجن سلینڈرز، ڈیڑھ کروڑ این 95 ماسک اور 10 لاکھ فوری طور پر کرونا کا ٹیسٹ کرنے والی کٹس شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکہ نے اپنے ملک کے لیے دیا جانے والا ایسٹرا زینیکا ویکسین کا آرڈر اب بھارت کے لیے دے دیا ہے جس کے تحت کرونا وائرس کی ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں تیار کی جائیں گی۔