بھارت میں مسلسل نویں روز تین لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے تین لاکھ 86 ہزار 693 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار 498 ہے۔
بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی کُل تعداد دو لاکھ آٹھ ہزار سے زائد ہے۔
بھارت میں مسلسل نویں روز کرونا کے تین لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
بھارتی کشمیر میں کرونا وائرس کی کیا صورتِ حال ہے؟
"نئی دہلی سے فون آیا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ جیسے پہلے کشمیر میں کرفیو تھا، لوگ مشکلات کا شکار تھے، وہ سب ہم آج محسوس کر رہے ہیں۔ ہمیں احساس ہو رہا ہے کہ آپ لوگ کتنی مشکل میں ہوں گے۔" بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کی خبریں تو آ رہی ہیں لیکن بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کیا صورتِ حال ہے؟ دیکھیے سرینگر سے زبیر ڈار کی اس ویڈیو میں
برازیل: مجموعی ہلاکتیں چار لاکھ سے متجاوز
برازیل میں جمعرات کو کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق جمعرات کو برازیل میں وائرس سے مزید 3001 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ ایک ہزار 186 ہو گئی ہے۔
جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 45 لاکھ سے زائد ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ برازیل میں ویکسی نیشن کے عمل میں سست روی اور سماجی پابندیوں میں نرمی ہلاکتوں میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔
وبا سے سب زیادہ ہلاکتوں والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد برازیل کا دوسرا نمبر ہے۔
پاکستان میں کرونا کیسز میں اضافہ، ٹرینڈز کیا ہیں؟
پاکستان میں کرونا کیسز میں اضافے کے باعث سخت پابندیاں پھر لاگو کر دی گئی ہیں۔ کیا کرونا وائرس صرف پابندیوں پر عمل درآمد میں کمی کے باعث پھیل رہا ہے یا اس کی کچھ اور وجوہات بھی ہیں؟ جانتے ہیں متعدی امراض کی ماہر ڈاکٹر بشریٰ جمیل سے وائس آف امریکہ کی صبا شاہ خان کی گفتگو میں۔