امریکہ کی کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے جملہ حقوق ختم کرنے کی حمایت
امریکہ نے عالمی وبا کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے جملہ حقوق ختم کرنے کی حمایت کی ہے۔
امریکہ کی تجارتی نمائندہ سفیر کیتھرین ٹائی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ "غیر معمولی وقت اور حالات میں غیر معمولی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔"
انہوں نے کہا کہ امریکہ ویکسین کے جملہ حقوق سے متعلق حفاظت پر پختہ یقین رکھتا ہے لیکن وبا کے خاتمے کے لیے ویکسین کی تیاری کے لیے جملہ حقوق کو ختم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے عالمی تجارتی تنظیم (وی ٹی او) کے ساتھ مذاکرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ان مذاکرات میں وقت لگے گا کیوں کہ اس کے ساتھ پیچیدہ مسائل منسلک ہیں۔
بھارت میں یومیہ کیسز اور اموات کا نیا ریکارڈ
بھارت میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران نئے کیسز کی تعداد میں بدستور اضافہ جاری ہے۔ ملک میں چار لاکھ 12 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے شکار تین ہزار 980 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد دو کروڑ دس لاکھ 77 ہزار سے زائد ہے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 108 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 108 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 537 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 4 ہزار 198 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 46 ہزار 467 ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح نو فی صد سے زائد رہی۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ 45 ہزار 833 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے سات لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
پنجاب: عید تعطیلات کے دوران مری سمیت تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے آٹھ سے 16 مئی تک مری اور صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے فیصلہ کرونا کی موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کی تعطیلات کے دوران مری یا دیگر سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے فیصلے پر عمل کریں۔