پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ پانچ آٹھ فی صد
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 140 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 677 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چار ہزار 298 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 44 ہزار 846 ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ پانچ آٹھ فی صد رہی ہے۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ 50 ہزار 131 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے سات لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں ریکارڈ چار لاکھ 14 ہزار سے زیادہ کیسز
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے چار لاکھ 14 ہزار 188 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
نئے کیسز کے بعد بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد دو کروڑ 14 لاکھ 91 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں مزید تین ہزار 915 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں عید پر مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ
ملائیشیا نے پاکستان پر سفری پابندی عائد کر دی
ملائیشیا نے پاکستان سے آنے والے افراد کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
پابندی کے تحت پاکستان سے ملائیشیا جانے والے افراد کو داخل ہونے سے روک دیا جائے گا جس کا اطلاق آٹھ مئی سے تا حکم ثانی رہے گا۔
اس ضمن میں ملائیشین ڈی جی ایمیگریشن نے پاکستان کی سرکاری ائیرلائن (پی آئی اے) کو پابندی سے آگاہ کردیا ہے۔ پی آئی اے کوالالمپور کے لیے ہفتے میں ایک پرواز آپریٹ کرتی تھی۔
دوسری جانب سفری پابندیوں سے سفارتی اہلکاروں اور خصوصی طیاروں کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ سفارتی اہلکاروں کو ملائیشیا میں 14 دن قرنطینہ میں رہنے کے بعد جانے کی اجازت ہو گی۔
علاوہ ازیں ملائیشیا نے بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال پر بھی عارضی پابندی عائد کی ہے۔
ملائیشیا کی جانب سے سفری پابندی کا یہ فیصلہ بھارت میں کرونا کی لہر میں شدت کے باعث کیا گیا ہے۔