اسلام آباد میں کاروباری مراکز بند
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے آٹھ سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اس دوران شہر کے تمام کاروباری مرکز بند ہیں۔
بلوچستان: تاجر برادری نے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا
بلوچستان میں حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے آٹھ مئی سے 16 مئی تک کاروبار بند رکھنے کا فیصلے کیا تھا۔ البتہ تاجر برادری نے اسے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ ہفتے کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں میں تمام کاروباری مراکز کھلے رہے۔ بازاروں میں لوگوں کا رش بھی زیادہ رہا۔
کراچی کے بازاروں میں رش
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہفتے کو بازار کھلے ہوئے جب کہ اتوار سے عید تک بازار بند رہیں گے۔ کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر حکومت نے عید سے ایک ہفتہ قبل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے میں بازاروں میں شدید رش ہے۔ خریداروں میں بعض تو کرونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں جب کہ بیشتر نے ماسک بھی نہیں پہنے اور نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
بھارت میں ریکارڈ چار ہزار یومیہ اموات، مزید چار لاکھ کیسز کی تصدیق
بھارت میں ہفتے کو کرونا وائرس کے سبب ریکارڈ چار ہزار 187 یومیہ اموات رپورٹ کی گئیں۔
محکمۂ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی اموات کے بعد وبا سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں حکام نے کرونا وبا کے پیش نظر آئندہ ہفتے پیر سے 24 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وبا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں اور کیسز کی تعداد رپورٹ کیے جانے والے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔
ملک میں گزشتہ روز مزید چار لاکھ 1078 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ 19 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں وبا کی دوسری لہر کے دوران طبی نظام مفلوج ہونے کے قریب ہے۔ جب کہ اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی شدید کمی ہے۔
شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں جگہ کم پڑنے لگی ہے اور آخری رسومات پارکوں اور کار پارکنگز میں ادا کی جاری ہیں۔