حکومت نے پیشہ وارانہ امتحانات اور ٹیسٹ کی مشروط اجازت دے دی
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے جمعرات کو ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) نے پیشہ وارانہ امتحانات اور ٹیسٹ کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ امتحانی مراکز، طلبا کی تعداد اور امتحانات کے لیے ایس او پیز کے انتظامات کی تفصیلات وفاقی وزارت تعلیم کی سیکریٹری کو جمع کرائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر انتظامات تسلی بخش ہوئے تو فوری طور پر امتحانات کی اجازت دے دی جائے گی۔
یاد رہے کہ بدھ کو یشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) کے اجلاس میں پانچ فی صد سے کم مثبت کیسز والے علاقوں میں 24 مئی سے مرحلہ وار اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
پاکستان: 30 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ہفتے سے ویکسی نیشن کا آغاز
پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے متحرک ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں 30 اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز کیا جائے گا۔
اسد عمر نے جمعے کو ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ 30 اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز کل یعنی ہفتے سے کیا جائے گا۔
پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ملک میں جمعرات کو 51 ہزار 528 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے تین ہزار 70 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح پانچ اعشاریہ نو پانچ فی صد رہی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 102 افراد کرونا کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان میں اب تک آٹھ لاکھ 93 ہزار 461 افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 20,089 ہے۔
بھارت میں مزید چار ہزار 209 اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید چار ہزار 209 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد دو لاکھ 91 ہزار 331 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں مسلسل پانچویں روز تین لاکھ سے کم یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جمعرات کو بھارت میں مزید دو لاکھ 59 ہزار 551 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی۔ ملک میں کرونا کیسز کی کُل تعداد دو کروڑ 60 لاکھ 31 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔