امریکہ: مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل کمی
امریکہ میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کو ملک بھر میں جون 2020 کے بعد سب سے کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکہ میں ایک ہفتے کے دوران اوسطً یومیہ کیسز کی شرح 30 ہزار سے بھی کم ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھرپور ویکسی نیشن مہم کی وجہ سے ایسا ممکن ہوا ہے۔ امریکہ میں اس سے قبل جون 2020 میں اتنے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آئی تھی اور یومیہ اموات بھی بڑھ گئی تھیں۔
امریکہ میں یومیہ اموات کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جس کے بعد ماہرین معمول کی زندگی کی مکمل بحالی کے لیے پرامید ہیں۔
سندھ میں رات 8 بجے کے بعد شہریوں کو غیر ضروری گھومنے سے روکنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبے سندھ میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث شہریوں کو رات 8 بجے کے بعد غیر ضروری گھومنے سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ کے وزیرِاعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وبا کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک کے مجموعی کیسز میں سے 50 فی صد سندھ میں ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل سے رات آٹھ بجے کے بعد لوگوں کو شہر میں غیرضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ لوگوں کو غیرضروری گاڑیوں میں گھومنے سے روکیں۔ اگر کسی کو اسپتال یا ضروری کام سے جانا ہو تو اسے اجازت دی جائے۔
اجلاس میں پارکس کی لائٹس مغرب کے بعد بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ نئی پابندیوں کے تحت کاروبار کے اوقات کار صبح پانچ سے شام چھ بجے تک ہوں گے۔ البتہ بیکری اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اس کے علاوہ جمعہ اور اتوار کو کاروبار مکمل طور پر بند رہے گا۔
بھارت میں کرونا سے ہلاکتیں تین لاکھ سے متجاوز
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید چار ہزار 454 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں وبا سے اموات کی مجموعی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت اس وقت کرونا وائرس کی دوسری لہر کی لپیٹ میں ہے اور اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں 50 ہزار اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
بھارت میں اموات کی یہ تعداد امریکہ اور برازیل کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کو ملک میں دو لاکھ 22 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد دو کروڑ 67 لاکھ 52 ہزار 447 ہے جب کہ اب تک تین لاکھ تین ہزار 720 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس سے قبل جاپان میں ماس ویکسی نیشن کا آغاز
جاپان میں ٹوکیو اولمپکس کے آغاز سے قبل ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی کے لیے ملک کے پہلے ماس ویکسی نیشن سینٹرز کھول دیے گئے ہیں۔
بڑے پیمانے پر ویکسین مراکز کا آغاز ٹوکیو اولمپکس کے منعقد ہونے سے دو ماہ قبل کیا گیا ہے۔ اولمپکس کے یہ مقابلے گزشتہ برس کرونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے تھے۔
ٹوکیو اور اوساکا میں فوج کی جانب سے چلائے جانے والے مراکز میں روزانہ ہزاروں افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ابتدائی طور پر بزرگ شہریوں کو یہ ٹیکے لگیں گے۔
جاپان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے۔ البتہ اب تک ساڑھے بارہ کروڑ آبادی والے ملک کی صرف دو فی صد آبادی کو مکمل ویکسین لگ سکی ہے۔