پاکستان میں کرونا سے مزید 57 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں تین ہزار 60 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 58 ہزار 670 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 21 فی صد رہی۔
ملک میں پیر کو کرونا سے مزید 57 مریضوں کی ہلاکتوں سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار 308 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے مجموعی کیسز 9 لاکھ تین ہزار 599 ہیں جن میں سے چار ہزار 763 افراد نگہداشت کی حالت میں ہیں۔
پاکستان میں کین سائنو ویکسین کی کامیاب فارمولیشن اور پیکنگ شروع
وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے قومی ادارۂ صحت (این آئی ایچ) کی ٹیم اور قیادت کو چین کی کین سائنو بائیو انکارپوریشن کی مدد سے کین سائنو ویکسین کی کامیاب فارمولیشن اور پیکنگ پر مبارک باد پیش کی ہے۔
انہوں نے پیر کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ویکسین نے مقامی سطح پر سخت ترین کوالٹی ٹیسٹنگ کو پاس کرلیا ہے اور یہ ہماری ویکسین کی سپلائی لائن میں ایک اہم قدم ہے۔
پاکستان میں فارمولیشن اور پیک ہونے والی ویکسین کو پاک ویک کا نام دیا گیا ہے اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس کی تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں حکومتِ پاکستان نے چین سے کین سائنو ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار خوراکیں خریدی تھیں اور اس کی مقامی سطح پر پیکنگ اور فارمولیشن کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارت میں تقریباً 41 روز بعد کرونا کے یومیہ کیسز کی کم ترین تعداد
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آ رہی ہے اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 96 ہزار 427 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں منگل کو رپورٹ ہونے والے کیسز لگ بھگ 41 روز بعد کم ترین یومیہ کیسز ہیں۔
البتہ بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب بھی تین ہزار سے زیادہ ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید تین ہزار 511 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد دو کروڑ 69 لاکھ 48 ہزار 874 ہے جب کہ اموات تین لاکھ 7 ہزار 231 ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد سے کم
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کچھ حد تک کمی آ رہی ہے اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار 253 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
ملک میں 21 مئی سے کرونا کیسز میں بدستور کمی واقع ہو رہی ہے۔ 21 مئی کو یومیہ چار ہزار سات کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 یزار 726 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔
ان ٹیسٹ میں سے چار اعشاریہ 82 فی صد کے نتائج مثبت آئے جب کہ منگل کو رپورٹ ہونے والی اموات کی تعداد 92 رہی۔