کرونا بحران: بھارتی امریکیوں کی آبائی وطن امداد پہنچانے کی کوشش
اگرچہ بھارت میں کرونا کے نئے کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے، لیکن اموات میں خاطر خواہ کمی نہیں ہوئی۔ بھارت میں یومیہ ساڑھے تین ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہو رہی ہیں۔ آؤنشومن اپٹے بتا رہے ہیں کہ امریکہ میں مقیم بھارتی کیسے اپنے آبائی وطن تک امداد پہنچانے کے لیے مستقل کوششیں کر رہے ہیں۔
امریکہ کو انوکھا چیلنج درپیش، نوکریاں ہیں مگر ملازم نہیں
امریکہ کو ان دنوں ایک انوکھے چیلنج کا سامنا ہے۔ وہاں نوکریاں زیادہ ہیں مگر ملازمت کرنے والوں کی کمی ہے۔ ملازمین کو نوکری پر رکھنے کے لیے لوگ مفت کھانا اور زیادہ پیسوں کی اضافی مراعات بھی دے رہے ہیں۔ مگر اس کے باوجود نوکری کرنے والوں کی کمی ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ کیا امریکہ میں سب امیر ہو گئے ہیں؟ جانیے آفتاب بوڑکا کے وی لاگ میں۔
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا اعلان
آسٹریلیا کی دوسری سب سے گنجان آباد ریاست وکٹوریا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق لاک ڈاؤن کا آغاز جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 59 منٹ سے ہو گا اور یہ تین جون تک جاری رہے گا۔
لاک ڈاؤن میں لوگوں کو صرف ضروری کام، علاج معالجے، اشیائے خورونوش کی خریداری، ایکسرسائز یا کرونا ویکسی نیشن کے لیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔
ریاست وکٹوریا کے قائم مقام پریمیئر جیمس مرلینو نے میلبورن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ 'ہم وائرس کی انتہائی متعدی صورتِ حال سے نمٹ رہے ہیں، یہ تشویش ناک قسم ہے جو پہلے کے مقابلے زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔'
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید تین ہزار 847 اموات
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو لاکھ 11 ہزار 298 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو بھارت میں کرونا سے مزید تین ہزار 847 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس سے مجموعی اموات کی تعداد تین لاکھ 15 ہزار235 ہوگئی ہے۔
بھارت میں کرونا وبا کے مجموعی کیسز دو کروڑ 73 لاکھ 69 ہزار 93 ہے جس میں سب سے زیادہ کیسز ریاست مہاراشٹرا میں ہیں جس کی تعداد 56 لاکھ 50 ہزار 907 ہے۔