پاکستان میں اموات کی تعداد 20 ہزار 680 ہو گئی
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 73 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 680 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 55 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت آنے کی شرح 4.42 فی صد رہی۔ یوں مزید دو ہزار 455 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب بھی 58 ہزار 857 افراد زیرِ علاج ہیں۔
زیرِ علاج افراد میں سے چار ہزار سے زائد افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پاکستان میں 15 لاکھ 13 ہزار افراد کی ویکسی نیشن مکمل
پاکستان میں کرونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ویکسی نیشن مہم جاری ہے جس میں 19 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 15 لاکھ 13 ہزار افراد کو ویکسین کی مکمل ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 31 لاکھ 80 ہزار افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز لگ چکی ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی کہا ہے کہ ملک بھر میں 50 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
’امریکہ اور بھارت کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں متحد ہیں‘
امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا ہے کہ امریکہ اور بھارت کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں متحد ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی کرونا بحران میں بھارت کی مدد کے لیے پُر عزم ہے۔
بھارت کے وزیرِ خارجہ جے شنکر کا، جو کہ امریکہ کے دورے پر ہیں، بلنکن کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارت واشنگٹن کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کا شکر گزار ہے۔
بلنکن کا کہنا تھا کہ وبا کے ابتدائی ایام میں بھارت، امریکہ کی مدد کے لیے موجود تھا جسے وہ کبھی بھلا نہیں سکتے۔ بلنکن کے بقول وہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امریکہ بھی ایسی صورت حال میں بھارت کی مدد کرے۔
خیال رہے کہ بھارت میں وبا شروع ہونے کے بعد رواں ماہ سب سے زیادہ یومیہ ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ جب کہ اب تک ایک ارب 30 کروڑ آبادی میں سے صرف 3 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ جو کہ سب سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ کیے جانے والے 10 ممالک میں سب سے کم ہے۔
آسٹریلیا: ریاست وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے باوجود کیسز رپورٹ
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے باوجود ہفتے کو کرونا وائرس کے پانچ مقامی منتقلی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ جب کہ ایسے مقامات جن کا متاثرہ افراد نے دورہ کیا تھا، ان کی تعداد 150 سے زائد ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافے کے سبب لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور تکنیکی مسائل کا سامنا ہے۔
ریاست وکٹوریا میں رواں ہفتے جمعرات کو ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ جو کہ کرونا وبا کے پیش نظر ریاست میں لگائے جانے والا چوتھا لاک ڈاؤن تھا۔
خیال رہے کہ وکٹوریا میں وبا اس مسافر کی وجہ سے پھیلی جس نے کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر ہوٹل میں قائم قرنطینہ چھوڑ دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں اس کا میلبرن میں کیے جانے والا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔