بھارت میں دو ماہ بعد کرونا کے سب سے کم کیس رپورٹ
بھارت میں کرونا کی دوسری لہر کی شدت میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ اتوار کو بھارت میں دو ماہ بعد کرونا کے سب سے کم ایک لاکھ 14 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 2667 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
بھارت میں اب تک کرونا کے دو کروڑ 88 لاکھ کیس جب کہ اس مہلک وبا سے تین لاکھ 46 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں کرونا کے فعال کیسز 14 لاکھ 77 ہزار رہ گئے ہیں۔ بھارت میں مسلسل 10 روز سے کرونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 10 فی صد سے کم ہے۔
چین میں ایک دن کے اندر کرونا کے 30نئے کیسز رپورٹ
چین کے جنوبی شہر گوانگ زو میں کرونا وائرس کے سات نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
گوانگ زو میں 21مئی کے بعد سے اب تک کرونا وائرس کے 80 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں۔
اتوار کو چین کی ہیلتھ اتھارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ جون کو چین میں کرونا وائرس کے 30نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس سے ایک روز قبل 24کیسزرپورٹ ہوئے تھے۔
گوانگ زو میں متاثر ہونے والے افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔ گزشتہ ہفتے سے شہر کے 11اضلاع میں بڑے پیمانے پر کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ بھی کی جارہی ہے۔
چین میں پانچ جون تک کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 91ہزار 248 بتائی جاتی ہے جب کہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں کوئی تبدیلی نہیں اور ابھی تک کرونا سے ہونے والی اموات 4636ہیں۔
نئی دہلی اور ممبئی میں کرونا پابندیوں میں نرمی
بھارت میں کرونا کیسز میں کمی کے بعد دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی میں کرونا پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے۔
پیر سے نئی دہلی میں دکانیں اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جب کہ دہلی میٹرو سروسز بھی 50 فی صد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجری وال نے ہفتے کو بتایا کہ کئی ہفتوں سے جاری کرونا پابندیاں اب بتدریج کم کی جا رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہلی میں کرونا کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ لہذٰا معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے پابندیاں نرم کرنا ناگزیر ہے۔
ادھر ریاست مہاراشٹرا میں بھی فائیو لیول پلان کے تحت پابندیاں نرم کرنے کے لیے حکمتِ عملی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سندھ میں نویں سے جامعات تک تدریسی عمل بحال
پاکستان کے صوبہ سندھ میں سات جون سے نویں سے جامعات تک کے طلبا کے لیے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔
سندھ کے وزیر تعلیم سینیٹر سعید غنی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو نویں اور اوپر کی جماعتوں کے لیے سخت ایس او پیز اور پچاس فی صد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ تمام عملے کو کرونا ویکسین لگوانی ہو گی۔