آسٹریلیا: سڈنی میں ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز رپورٹ ہونے پر دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن نافذ
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہر سڈنی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کرونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثرہ 80 کیسز رپورٹ ہونے کے سبب دو ہفتوں کا سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
اگلے ماہ نو جولائی تک لگائے جانے والے لاک ڈاؤن میں لوگ ضروری کاموں کے علاوہ، طبی ضروریات، تعلیم اور خرید و فروخت کے لیے باہر نکل سکیں گے۔
سڈنی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں رہائش پذیر 10 لاکھ سے زائد افراد کرونا وبا کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پہلے ہی لاک ڈاؤن میں تھے تاہم حکام کے مطابق حالیہ کیسز میں اضافے کے سبب پابندیوں میں سختی کی جا رہی ہے۔
ہفتے سے لگائے جانے والا لاک ڈاؤن سڈنی کے علاوہ مضافاتی علاقوں بلیو ماؤنٹینز، سینٹرل کوسٹ اور ولو گونگ میں بھی لگایا جائے گا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کی باقی ریاستوں میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہے اور فیس ماسک پہننا لازمی ہے۔
کرونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ ویکسین نہ لگوانے والوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے: عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہیم گیبریاسس کا کہنا ہے کہ ‘کووڈ 19’ کا سبب بننے والا کرونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ کرونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد اور ان ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جہاں وبا کے باعث عائد کردہ پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے سوئٹزر لینڈ میں قائم ہیڈ کوارٹر میں جمعے کو بریفنگ کے دوران ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا ویرینٹ، کرونا وائرس کو سب سے تیزی سے پھیلانے والا ویرینٹ ہے۔ جس کی تشخیص 85 ممالک میں کی گئی ہے۔
ٹیڈروس کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر سے رپورٹ کیے جانے والے کیسز میں مسلسل آٹھویں ہفتے کمی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم کیسز میں کمی کی رفتار اب کم ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افریقہ میں کرونا کیسز اور اموات میں لگ بھگ 40 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک نے وبا کے باعث عائد کردہ پابندیوں میں نرمی کی ہے، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں وائرس کی منتقلی میں اضافہ ہوا ہے۔
روس: ویکسین کی کمی کے باعث چند علاقوں میں ویکسی نیشن مہم روک دی گئی
روس کے وسطی علاقوں میں کرونا ویکسین کی کمی کے پیشِ نظر ویکسی نیشن مہم دو روز کے لیے روک دی گئی ہے۔
مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بشکیریا اور خبروسک کے علاقوں میں چند ویکسی نیشن سینٹرز پر جمعے سے مہم روک دی گئی ہے۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مہم ویکسین کی کمی کے باعث اگلے ہفتے پیر تک روکی گئی ہے۔
روس میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور حکام اس کی وجہ انتہائی مہلک ڈیلٹا ویرینٹ اور سست روی کا شکار ویکسین مہم کو قرار دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 ہزار سے زائد افراد میں وبا کی تشخیص کی گئی ہے جن میں سے ایک تہائی ماسکو سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کو وبا کے سبب مزید 619 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
اسپین: گھروں سے باہر فیس ماسک پہننے کی پابندی ختم
یورپی ملک اسپین کے لوگ ایک سال سے بھی زائد عرصے بعد گھروں سے باہر اپنا فیس ماسک اتار سکیں گے۔
اسپین میں کرونا کیسز میں کمی کے باعث فیس ماسک آؤٹ ڈور پہننے کی پابندی نہیں ہو گی۔ جس کے بعد لوگ پارکوں اور ساحل سمندر پر ماسک کے بغیر چہل قدمی کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اسپین میں انڈور مقامات اور ایسے آؤٹ ڈور مقامات جہاں سماجی دوری اختیار کرنا ممکن نہ ہو۔ وہاں ابھی بھی فیس ماسک پہننے کی پابندی ہو گی۔
رواں ہفتے کے آغاز میں وزارت صحت کا کہنا تھا کہ 4 کروڑ 70 لاکھ کی آبادی میں سے نصف آبادی کم از کم کرونا ویکسین کی ایک خوراک لگوا چکی ہے۔