آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں آئندہ دو روز ’نازک‘ قرار
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں پیر کو کرونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے سبب سڈنی میں موجودہ لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کرنے کے لیے آئندہ دو روز کو ’نازک‘ قرار دیا گیا ہے۔
سڈنی میں کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے دو ہفتے کے لاک ڈاؤن کی مدت نو جولائی کو مکمل ہو رہی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز میں پیر کو مقامی سطح پر کرونا کے 35 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو رواں برس اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کیسز ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز کی پرمیئر گلاڈس بیریجی کلیئن نے سڈنی میں صحافیوں کو بتایا کہ آئندہ دو روز نازک ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد پر نظرِ ثانی کر رہے ہیں اور اس بات پر بھی نظر رکھ رہے ہیں کہ اس کا آئندہ آںے والے دنوں میں کیا اثر پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کیسز کی تعداد محدود کرنے میں بے حد مؤثر ثابت ہوا حالاں کہ بہت سے افراد نے ان احکامات کی خلاف ورزی بھی کیا ہے جس کہ وجہ سے وائرس کو پھیلنے میں مدد ملی ہے۔
پاکستان: مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ نو سات ریکارڈ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 245 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 347 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ نو سات ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 19 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں مسلسل آٹھ روز سے 50 ہزار سے کم یومیہ کیسز رپورٹ
بھارت میں مسلسل آٹھ روز سے کرونا کے 50 ہزار سے کم یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
بھارت کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 39 ہزار 796 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 723 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ چھ ایک ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن نے خود کو قرنطینہ کر لیا
برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنی تمام تر مصروفیات کو منسوخ کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
کنسگٹن پیلس کے ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے شہزادی کا ایک ایسے شخص کے ساتھ رابطہ ہوا تھا جس کا بعد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کیٹ میڈلٹن کو کسی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں ہیں تاہم وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر میں ہی آئسولیشن میں ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہزادی کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ ہفتے متعدد ایونٹس میں شرکت کی تھی جن میں جمعے کو ہونے والا ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کا مقابلہ بھی شامل ہے۔