عالمی سطح پر کرونا کیسز میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پیر کو کہا ہے کہ عالمی سطح پر مسلسل چوتھے ہفتے کرونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں 10 ہفتوں کی کمی کے بعد کرونا سے اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' تیزی سے پھیل رہی ہے اور یہ قسم 104 ممالک تک پہنچ چکی ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں ڈبلیو ایچ او کے ہیڈکوارٹرز میں بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہنم گیبریاسس نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کو تمام خطوں سے رپورٹس موصول ہوئی ہیں جہاں اسپتال ایک مرتبہ پھر بھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کا ڈیلٹا ویرینٹ جلد ہی دنیا میں سب سے زیادہ پھیلنے والا ویرینٹ بن جائے گا۔
بھارت میں کرونا سے مزید دو ہزار بیس اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 31 ہزار 443 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد میں دو ہزار 20 کا اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 49 ہزار سات افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ نو لاکھ سات ہزار 282 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ 10 ہزار 784 ہے۔
پاکستان میں کرونا کے 1500 سے زائد نئے کیسز
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ایک ہزار 590 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 790 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ چھ تین رہی۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے اب تک نو لاکھ 76 ہزار 867 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 618 ہے۔
پاکستان: پہلی مرتبہ یومیہ پانچ لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن
پاکستان میں کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے سرگرم ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں پیر کو پہلی بار ویکسین کی پانچ لاکھ 25 ہزار خوراکیں لگائی گئی ہیں۔
اسد عمر نے منگل کو ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پیر کو پہلی بار ویکسین کی تین لاکھ 90 ہزار پہلی خوراک بھی لگائی گئیں۔
ان کے بقول مستقبل میں پاکستان میں ویکسی نیشن کے اس عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔