بھارت میں 41 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 806 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے 581 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 130 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ 98 لاکھ سات ہزار 880 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی کُل تعداد چار لاکھ 11 ہزار 989 ہے۔
پاکستان میں کیسز پھر بڑھنے لگے
پاکستان میں کرونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح بھی چھ فی صد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید دو ہزار 783 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 39 افراد کی موت ہوئی ہے۔
ملک بھر میں زیرِ علاج افراد کی تعداد بھی ساڑھے 45 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں 49 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.65 رہی۔
ترکی میں کرونا پابندیاں ختم، رونقیں بحال ہونے لگیں
کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن مہم میں تیزی اور انفیکشن کی شرح میں کمی کے سبب اب ترکی میں 'کووڈ 19' سے متعلق تقریباً تمام پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ ملک میں کئی ماہ کی بندش کے بعد اب معمولاتِ زندگی ایک مرتبہ پھر بحال ہو رہے ہیں۔ تفصیلات دیکھیے۔
سعودی عرب میں نماز کے اوقات میں کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت
سعودی عرب کی فیڈریشن آف سعودی چیمبرز نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں قائم دکانیں اور کمرشل مقامات نمازوں کے اوقات کار میں بھی کھلے رہیں گے۔
فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اس اقدام کا مقصد کرونا وبا پر قابو پانا اور خریداروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
ہدایات کے مطابق اس اقدام کا مقصد نمازوں کے دوران دکانیں بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اکٹھا ہونے سے روکنا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق یہ ہدایات متعلقہ حکام کے ساتھ باہمی رضا مندی کے بعد جاری کی گئی ہیں۔
ہدایات کے مطابق دکانداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اسٹاف کے لیے ایسا طریقۂ کار مرتب کریں جس سے کسی بھی اسٹاف کے رکن اور صارف کو نماز پڑھنے سے روکا نہ جا سکے۔