چین کے شہر ووہان میں وبا کی واپسی، ہر فرد کا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ
چین کے شہر ووہان میں کرونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تمام آبادی کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ووہان میں ایک سال بعد پیر کو کرونا کے سات کیسز سامنے آئے تھے۔ اس شہر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ عالمی وبا نے یہاں سے جنم لیا تھا اور پھر پوری دنیا میں پھیل گئی تھی۔
ووہان کے حکام نے منگل کو کہا ہے کہ مقامی سطح پر ایک دوسرے میں منتقل ہونے والے کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد شہر کی تمام ایک کروڑ 10 لاکھ آبادی کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
ووہان کے سینئر افسر لی تاؤ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ تمام رہائشیوں کا نیوکلک ایسڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔
پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح سات فی صد سے زائد
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3582 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 49 ہزار 798 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ ایک نو فی صد رہی۔
حکام کے مطابق عالمی وبا سے متاثرہ مزید 67 مریض دم بھی توڑ گئے ہیں۔
ویکسین کورس مکمل ہونے کے باوجود سینیٹر لنزی گراہم کا کرونا ٹیسٹ مثبت
امریکی سینیٹر لنزی گراہم پہلے سینیٹر بن گئے ہیں جن کا ویکسین لگوانے کے بعد بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کے بقول وہ خوش ہیں کہ انہوں نے کرونا کے خلاف ویکسین لگوا رکھی تھی ورنہ ان میں کرونا کی علامات کہیں زیادہ شدید ہو سکتی تھیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق سینیٹر گراہم کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کئی اراکین کانگریس کو کرونا ٹیسٹ کے لیے جانا پڑا اور انہوں نے اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
ریاست ساؤتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لنزی گراہم کے ساتھ سینیٹ میں ان کے چند ساتھیوں نے اختتام ہفتہ دفتری امور کی انجام دہی اور میل ملاپ میں وقت گزارا تھا۔
لنزی گراہم نے سینیٹر جو منچن کے ساتھ ہاؤس بوٹ یعنی گھر نما کشتی میں شام گزاری تھی جہاں انہوں نے پہلی بار اپنے اندر کرونا کی علامات محسوس کی تھیں۔
پاکستان: ایک روز میں 10 لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی
پاکستان میں پیر کو 10 لاکھ 72 ہزار 342 افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے انسداد کے لیے سائنو فام، سائنو ویک، ایسٹرازینیکا، موڈرنا اور فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین اب تک تین کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔