آسٹریلیا: سڈنی میں کرونا پابندیاں نرم
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں تین ماہ سے نافذ سخت کرونا پابندیوں میں بدھ کو نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پریمیئر گلیڈیس بیریجکلیئن کا کہنا ہے کہ "بدھ سے وائرس سے متاثرہ مقامات پر رات نو سے صبح پانچ بجے تک نافذ کرفیو ختم کیا جا رہا ہے۔"
ان کا کہنا ہے کہ اکتوبر تک 70 فی صد شہریوں کی ویکسین مکمل ہونے پر دیگر پابندیوں کو بھی ختم کردیں گے۔
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ پابندیاں صرف ان کے لیے ختم کی گئی ہیں جنہوں نے ویکسی نیشن کا کورس مکمل کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے اب تک 78 ہزار 600 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 116 ہے۔
پاکستان میں کرونا کیسز میں کمی
پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کچھ حد تک کم ہوئی ہے۔ ملک میں مثبت کیسز کی شرح پانچ فی صد سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 23 جولائی کے بعد مثبت کیسز کی شرح پانچ فی صد سے کم ریکارڈ ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 56 ہزار 733 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار 714 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا سے مزید 73 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ پاکستان میں 5 ہزار 122 کرونا میں مبتلا مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں کرونا ویکسین کی سات کروڑ خوراکیں لگادی گئیں
پاکستان میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اور اب تک سات کروڑ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
وزارتِ صحت نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے ویکسی نشین مہم کا ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں اب تک سات کروڑ سے زائد ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں۔
سندھ میں پابندیوں میں نرمی
پاکستان کے صوبے سندھ میں بدھ کو کرونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکومتِ سندھ کےایک اعلان کے مطابق صوبے بھر میں ہفتے میں چھ روز رات 10 بجے تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت ہو گی۔
حکومتی اعلان کے مطابق شادی کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات کی بھی اجازت ہو گی جب کہ انڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک ہو گی۔
حکومتِ سندھ کے مطابق اتوار کا دن سیف ڈے ہو گا اس دن کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں صوبے بھر میں دفاتر 100 فی صد حاضری کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو 50 فی صد گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت ہو گی۔