کووڈ 19 ویکسین کی ترقی پذیر ملکوں کو مفت فراہمی، بائیڈن کا مزید 50 کروڑ خوراکیں خریدنے کا اعلان
امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کو کووڈ 19 کی ویکسین کی 50 کروڑ سے زیادہ خوراکیں خریدنے کا اعلان کیا، جنھیں آئندہ سال تک ترقی پذیر ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس سے قبل امریکہ نے آئندہ سال جون تک ترقی پذیر ملکوں میں تقسیم کے لیے فائزر اور بایو این ٹیک ویکسین کے 50 کروڑ خوراکیں خریدنے کا اعلان کیا تھا۔ آج کے اعلان کے بعد خریدی جانے والے ویکسینز کی خوراکوں کی کل تعداد ایک ارب ہو جائے گی، جسے دنیا کے کم آمدن والے ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
حکومتی اعلان سے قبل بدھ کو اپنی ایک ٹوئٹ میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ ''ہم نے اب تک امریکی عوام کے بازو میں جتنی ویکسین لگائی ہیں، اس سے تین گنا زیادہ ہم دنیا کو فراہم کریں گے''۔
امریکہ کووڈ 19 کی وبا کو شکست دینے کے ارادے میں پرعزم ہے۔ ہم آج عالمی سطح پر مفت تقسیم کے لیے ویکسین ڈوزز کی تعداد بڑھا کر ایک ارب دس کروڑ سے زیادہ خوراکیں کر رہے ہیں۔
بھارت کا آئندہ ماہ سے ویکسین برآمد کرنے کا اعلان
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے امریکہ میں کواڈ کے تحت ہونے والے اجلاس میں کہا ہے کہ آسٹریلیا، جاپان اور امریکہ کے ساتھ طے کردہ معاہدے کے مطابق بھارت کرونا ویکسین کی 80 لاکھ خوراکیں رواں سال اکتوبر تک برآمد کرنے کی اجازت دے گا۔
بھارت کے سیکریٹری خارجہ ہرش وردھن کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارت ‘جانسن اینڈ جانسن’ کی 80 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔
سیکریٹری خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کی ادائیگی کواڈ سے کی جائے گی اور بھارت اس میں اپنا حصہ بھی دے گا۔ یہ کواڈ کی طرف سے انڈو پیسیفک کو سب سے جلد فراہمی ہو گی۔
اس سے قبل کواڈ ممالک کے مابین طے پائے جانے والے معاہدے کے تحت بھارت نے 2022 کے اختتام سے پہلے براعظم ایشیا کو ایک ارب خوراکیں فراہم کرنی تھیں۔ البتہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں ویکسین بنانے والے ملک بھارت میں وبا میں اضافے کے سبب رواں سال اپریل میں ویکسین کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
امریکہ میں بوسٹر خوراک کے اہل افراد ویکسین لگوائیں: صدر بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعے کے روز ان امریکیوں پر، جو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی بوسٹر خوراک لگوانے کے اہل ہیں، زور دیا کہ وہ ویکسین کا بوسٹر انجیکشن لگوائیں۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ویکسین نہ لگوانے والوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ حفاظتی ویکسین لگوا لیں۔
صدر کا یہ پیغام بیماریوں سے بچاؤ اور تحفظ کے امریکی مراکز (سی ڈی سی) کی جانب سے مخصوص افراد کے لیے بوسٹر خوراک لگوانے کی منظوری کے اعلان کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
سی ڈی سی کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ معمر اور کمزور قوت مدافعت رکھنے والے ایسے افراد جنہیں فائزر کی ویکسین لگوائے چھ ماہ سے زیادہ ہو چکے ہیں، وہ ویکسین کو بوسٹر خوراک لگوانے کے اہل ہیں۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ منظوری کا مطلب یہ ہے کہ تقریباً چھ کروڑ امریکی فائزر ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کے چھ ماہ گزر جانے کے بعد بوسٹر شاٹ کے اہل ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح شروع میں ویکسین مفت لگائی گئی تھی۔ اسی طرح بوسٹر خوراک بھی مفت اور آسانی سے دستیاب ہے۔
جنوبی کوریا میں ایک بار پھر کیسز میں اضافہ
جنوبی کوریا میں رواں ہفتے ہونے والی تین چھٹیوں کے بعد یومیہ کیسز کی تعداد پہلی بار تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
جنوبی کوریا کی متعلقہ ایجنسی کا کہنا ہے کہ جمعے کو رپورٹ کیے جانے والے تین ہزار 273 کیسز، ایک دن پہلے رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد سے بھی زائد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک دو لاکھ 98 ہزار سے زائد کیسز جب کہ دو ہزار 441 اموات رپورٹ کی جا چکی ہیں۔
ایجنسی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تھینکس گیونگ کی چھٹیوں کے دوران سفر کرنے والوں اور بالمشافہ ملنے والوں کی تعداد میں اضافے کے باعث کیسز میں بڑھے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ کیسز میں اضافہ اگلے ایک یا دو ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے لہذا لوگ تقریبات منسوخ یا ملتوی کر دیں۔