بھارت: کرونا وائرس سے مزید 18 ہزار سے زائد افراد متاثر
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید 18 ہزار 166 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے کرونا وائرس ریسورس سینٹر کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 214 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد تین کروڑ 39 لاکھ 53 ہزار 475 ہے اور اب تک چار لاکھ پچاس ہزار 589 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح دو فی صد سے کم
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور ملک میں 28 جون کے بعد کم ترین یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 40 ہزار 584 ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ 88 فی صد رہی۔
ملک میں کرونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد 767 رہی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 مریض انتقال بھی کرگئے۔
پاکستان میں اس وقت دو ہزار 540 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان: سو فی صد حاضری کے ساتھ اسکول کھل گئے
پاکستان میں کرونا وائرس کی روک تھام کے ذمے دار ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت کے بعد ملک بھر میں اسکول سو فی صد حاضری کے ساتھ کھل گئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وبا کی شرح میں کمی کے بعد اسکولز مکمل حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بعض اسکولز ایک دن کے ناغے کے ساتھ کھولے جا رہے تھے تاہم پیر سے معمول کے مطابق درس گاہوں میں تدریسی عمل بحال ہو گیا ہے۔
آسٹریلیا: سڈنی میں تین ماہ سے زائد عرصے کے بعد پابندیوں میں نرمی
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں تین ماہ سے زائد عرصے کے بعد ویکسین کا کورس مکمل کرنے والوں کے لیے ہیئر ڈریسرز، جم، کیفے اور بارز کھول دیے گئے ہیں۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہر سڈنی کے حکام نے 70 فی صد شہریوں کو ویکسین کا کورس مکمل کرنے پر پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔
پیر تک 73 اعشاریہ پانچ فی صد شہریوں کی ویکسین مکمل ہونے پر پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے جہاں اب تک 16 اور اس سے زائد عمر کے افراد ویکسین کا کورس مکمل کر چکے ہیں جب کہ 90 فی صد شہری کم از کم ویکسین کی ایک خوراک لگوا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق 80 فی صد شہریوں کی ویکسین کا ہدف پورا ہونے کے بعد پابندیوں میں مزید نرمی کی جائے گی اور ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہری بیرونِ ملک بھی سفر کر سکیں گے۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 496 نئے کیسز اور آٹھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔