آسٹریلیا میں نئے سال کے پہلے دن ریکارڈ کرونا کیسز رپورٹ
آسٹریلیا میں سال نو کے پہلے روز ہی کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ کیے گئے جن کی تعداد 35 ہزار سے زائد ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ہفتے کے روز 22 ہزار 577 کیسز سب سے زیادہ گنجان آباد ریاست نیو ساؤتھ ویلز جب کہ 7 ہزار 442 کیسز ریاست وکٹوریا سے سامنے آئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کرونا کی وجہ سے چار اور وکٹوریا میں نو اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد آسٹریلیا میں وبا کے سبب ہونے والی کل اموات کی تعداد دو ہزار 250 سے زائد ہو گئی ہے۔
اس سے قبل رواں ہفتے جمعے کو رپورٹ کیے جانے والے کرونا کیسز کی تعداد 32 ہزار 946 تھی۔
خیال رہے کہ کرسمس کے بعد ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کیسز کی تعداد میں تین گنا اضافہ دیکھا گیا۔
فرانس میں تقریبات کی وجہ سے آئندہ چند ہفتے مشکل، ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
یورپ کے ملک فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں کا کہنا ہے کہ ملک میں چوں کہ سال نو کی تقریبات منعقد ہونے جا رہی ہیں لہذا ان کے بقول اگلے چند ہفتے کافی مشکل ہوں گے۔
میخواں کا نئے سال کے موقع پر کیے جانے والے خطاب میں کہنا تھا کہ آنے والے ہفتے مشکل ہوں گے اور ہم سب یہ جانتے ہیں۔
خیال رہے کہ فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو لاکھ 32 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے جو کہ اب تک سب سے زیادہ رپورٹ کیے جانے والے یومیہ کیسز ہیں۔
فرانس میں تین دنوں سے 24 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے یومیہ کیسز کی تعداد مسلسل دو لاکھ سے زائد رپورٹ کی جا رہی ہے جس کے سبب فرانس، یورپ میں وبا کا گڑھ بن گیا ہے۔ جہاں سے اومیکرون ویریئنٹ پورے یورپ میں پھیل رہا ہے۔
پاکستان میں 10 ہزار افراد اب بھی زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 556 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ چھ اموات ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 1.08 ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق قبل ازیں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ایک فی صد سے کم تھی۔
پاکستان میں وبا سے اب تک 28 ہزار 933 ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اب بھی 10 ہزار سے زائد افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 629 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی آبادی کے 30 فی صد افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔
وزیرِ اعظم کے مشیر برائے صحت فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سات کروڑ افراد کی ویکسی نیشن ہو گئی ہے جو ملک کی آبادی کا 30 فی صد کے قریب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی 46 فی صد آبادی ایسی ہے جس کی ویکسی نیشن کی جانی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حکومت 12 برس سے زائد تمام افراد کو ویکسین لگانا چاہتی ہے۔
بھارت میں کرونا کیسز میں پھر اضافہ
کرونا کی نئی قسم اومیکرون کے سامنے آنے کے بعد بھارت میں کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اتوار کو بھارت میں کرونا کے مزید 27 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
البتہ دہلی کے وزیرِ اعلٰی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ کیسز میں اضافے کے باوجود اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔
بھارت میں مسلسل پانچ روز سے کرونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، دہلی اور ممبئی میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں امیکرون ویریئنٹ سے متاثرہ مریض بھی شامل ہیں۔
دہلی میں کرونا کے فعال کیسز میں تین روز کے دوران تین گنا اضافہ ہوا ہے۔
بھارت میں اب تک کرونا کے تین کروڑ 40 لاکھ مصدقہ کیسز جب کہ چار لاکھ 81 ہزار افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خیال رہے کہ کرونا کے اومیکرون ویریئنٹ کے باعث دنیا بھر میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔